خیبر پختون خوا کے ضلع کرم میں صدہ بازار کے قریب مسافر گاڑیوں پر مسلح افراد کے حملے میں ایک خاتون اور فورسز کے دو اہلکاروں سمیت 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے۔ طوری بنگش قبائل نے دہشت گردی کے واقعات کے خلاف ہنگامی جرگہ طلب کر لیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق پاراچنار سے پشاور جانے والے فیلڈر اور کوچ پر صدہ بازار کے قریب مسلح افراد نے حملہ کیا اور خود کار ہتھیاروں سے فائرنگ کی۔
ڈی پی او ضلع کرم محمد عمران کا کہنا ہے کہ واقعے کے بعد حملہ آوروں کی تلاش شروع کر دی گئی ہے اور ملزمان کی گرفتاری کی کوشش کی جا رہی ہے۔
دہشت گردی کے واقعات کے خلاف طوری بنگش قبائل نے ہنگامی جرگہ طلب کر لیا ہے جس میں دہشت گردی کے واقعات کے حوالے سے قومی طور پر لائحہ عمل تیار کیا جائے گا۔