نواز شریف نے چوہدری نثار کو صاف انکار کردیا، شہباز شریف ناکام

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ن لیگ میں لانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں فائل فوٹو سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ن لیگ میں لانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کو ن لیگ میں لانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔

مسلم لیگ ن کے ناراض رہنما چوہدری نثار کو ایک مرتبہ پھر ن لیگ میں واپس لانے کی کوششیں ناکام ہو گئی ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے چوہدری نثار کو پارٹی میں واپس لانے سے صاف انکار کر دیا ہے، جب کہ شہباز شریف بھی اپنے بڑے بھائی کو اس سلسلے میں منانے میں ناکام رہے۔

گذشتہ کچھ مہینوں سے نواز شریف اور چوہدری نثار کے مشترکہ دوست بدگمانیاں دور کرنے میں سرگرم تھے اور انہوں نے نواز شریف کو پیغام پہنچایا تھا کہ چوہدری نثار نے نہ تو نئی پارٹی بنائی اور نہ ہی ہو کسی پارٹی میں شامل ہوئے ہیں جب کہ چوہدری نثار کی واپسی سے پارٹی مضبوط ہو گی۔

جب کہ اس حوالے سے مسلم لیگ ن کے سینئیر رہنما رانا ثناءاللہ سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار کی شمولیت کے حوالے سے پارٹی اجلاس کے بعد ہی کچھ کہا جا سکتا ہے۔

چوہدری نثار نے ذاتی طور پر کبھی بھی ن لیگ میں واپس شمولیت کی خواہش کا اظہار نہیں کیا۔ جب نواز شریف بیمار ہوئے تو ایک موقع پر ان سے تیمارداری سے متعلق سوال کیا گیا جس پر سابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے کہا تھا کہ نوازشریف سے کوئی سوشل تعلق نہیں کہ ان کی تیمارداری کروں۔

واضح رہے کہ رہے کہ 2018 کے عام انتخابات میں چودھری نثار پی پی 10 راولپنڈی سے جیپ کے نشان پربطورآزاد اُمیدوار کامیاب ہوئے، انہوں نے پی پی 10 سے 53 ہزار 145ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مد مقابل الیکشن لڑ نے والے آزاد اُمیدوار نصیر الحسنین 22 ہزار 253 ووٹ حاصل کر سکے۔

تاہم چوہدری نثار علی خان نے تاحال پنجاب اسمبلی کی اس نشست کا حلف نہیں اٹھایا۔ چوہدری نثار نے اپنے ایک بیان میں کہا تھا کہ مجھے عام انتخابات کے بعد وزارت اعلیٰ کی پیشکش ہوئی تھی۔

سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ وقت اور حالات دیکھ کر مستقبل کا فیصلہ کروں گا۔ عام انتخابات کے بعد میرے دوستوں کے ذریعے سے مجھے مختلف اوقات میں وزارت اعلیٰ کے لیے پیشکش ہوئی تھی مگر میں نہیں چاہتا تھا کہ آزاد حیثیت سے الیکشن جیتنے کے بعد کسی کی تنقید کا نشانہ بنوں۔

چوہدی نثار نے حکومتی کارگردگی پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے آٹھ ماہ میں عوام کو مایوس کیا۔ اپوزیشن جماعتوں کے پاس حکومت کے خلاف تحریک چلانے کا سنہری موقع ہے۔

install suchtv android app on google app store