امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات۔۔۔اہم ایشوز پر تبادلہ خیال

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات فائل فوٹو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور وزیراعظم عمران خان کی ملاقات

وزیر اعظم عمران خان کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے ڈیووس میں ملاقات ہوئی۔

دونوں رہنماؤں کے درمیان سوئٹزرلینڈ کے شہر ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے موقع پر انتہائی خوشگوار ماحول میں سائڈ لائن ملاقات ہوئی۔

اس موقع پر میڈیا سے مشترکہ گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ڈونلڈ ٹرمپ سے دوبارہ مل کر خوشی ہوئی، امریکی صدر کے ساتھ افغان امن عمل پر بھی بات ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کا خواہاں ہے اور خطے میں امن و استحکام کے لیے کردار ادا کرتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ افغانستان کے معاملے پر امریکا اور پاکستان ایک صفحے پر ہیں۔

اس موقع پر امریکی صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان میرے دوست ہیں، ان سے دوبارہ ملاقات پر خوشی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان اچھے تعلقات ہیں، کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے جبکہ پاکستان اور بھارت کے درمیان جو کچھ ہو رہا ہے اس کا بغور جائزہ لے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کے اجلاس میں شرکت کے لیے 3 روزہ دورے پر ڈیووس پہنچے ہیں جہاں وہ کئی عالمی رہنماؤں اور کاروباری شخصیات سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان ورلڈ اکنامک فورم کےکلیدی مقرر ہوں گے جہاں وہ پاکستان میں سرمایہ کاری اور کاروباری مواقع پربات کریں گے۔

install suchtv android app on google app store