نیب قوانین میں ترامیم، حکومت نے اہم اعلان کر دیا

نیب قوانین میں ترامیم، حکومت نے اہم اعلان کر دیا فائل فوٹو نیب قوانین میں ترامیم، حکومت نے اہم اعلان کر دیا

وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے قانون نے سول پروسیجر ترمیمی بل منظور کرلیا جبکہ حکومت نیب قوانین میں بھی ترمیم کرنے جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر قانون فروغ نسیم نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ قائمہ کمیٹی نے سول قانون میں ترمیم کا بل منظور کرلیا ہے جس کے تحت دیوانی مقدمات کے فیصلے اب سال ڈیڑھ سال میں ہوا کریں گے جبکہ سیکنڈ اپیل ختم کر دی گئی ہے، ایک جج سٹے آرڈر دے گا اور دوسرا مرکزی کیس سنے گا۔

فروغ نسیم کا کہنا تھا کہ نیب قوانین سے متعلق بھی اجلاس ہوا اور حکومت نیب قوانین میں ترمیم کرنے جارہی ہے جس پر وزیراعظم، وفاقی کابینہ اور چیئرمین نیب سب یکسو ہیں، نیب مقدمات میں ضمانت کا اختیار ہائیکورٹ سے واپس لے کر ٹرائل کورٹ کو دیا جائے گا جبکہ پلی بارگین سے متعلق قوانین بھی تبدیل کئے جائیں گے، پرائیویٹ آدمی کیخلاف نیب کی انکوائری اور اختیار ختم ہونا چاہیے، اگر کسی ٹیکس چور تاجر کا کسی سرکاری عہدے اور معاملے سے تعلق نہیں ہے تو نیب نہیں بلکہ ایف بی آر یا ایف آئی اے اسے دیکھیں گے۔

وزیر قانون کا کہنا تھا کہ ذاتی تنازع میں بھی نیب کا کوئی اختیار نہیں ہونا چاہیے، کرپشن میں ملوث ملزم پلی بارگین کرنے کے بعد دوبارہ سرکاری نوکری نہیں کرسکے گا، نیب میگا کرپشن کیلئے بنا ہے اور اسی پر فوکس ہونا چاہیے، نیب قوانین کے تحت مقدمات ضمانت ٹرائل کورٹ سے ہوسکے گی۔

فروغ نسیم نے مزید کہا کہ پاکستان میں رائج تمام قوانین اب ویب سائٹ پرموجود ہونگے اور عوام کی پہنچ میں ہوں گے، صدر، وزیراعظم سے منظوری کے بعد موبائل ایپ بھی لانچ کریں گے جس سے گوگل پلے سٹور کے 55 ملین صارفین فائدہ اٹھاسکیں گے۔

install suchtv android app on google app store