وفاقی کابینہ کا روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کیلئے کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ

وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس فائل فوٹو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس

وفاقی کابینہ نے روز مرہ اشیاء کی قیمتوں میں استحکام کیلئے ایک موثر نظام وضع کرنے کیلئے ایک کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کی سربراہی وزیردفاع پرویز خٹک کریںگے۔

یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی صدارت میں جمعرات کے روز اسلام آباد میں وفاقی کابینہ کے اجلاس میں کیاگیا۔ بعد میں کابینہ کی طرف سے کیے جانے والے فیصلوں کے بارے میں صحافیوں کو بریفنگ دیتے ہوئے وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہاکہ ایک موبائل ایپلیکیشن بھی بنائی جائے گی جو صارفین کو ملک میں اشیائے ضروریہ کی قیمتیں معلوم کرنے میں مدد دے گی۔

وزیراطلاعات نے کہا کہ شماریات ڈویژن نے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کے رجحان کے بارے میں کابینہ کے سامنے پریزنٹیشن پیش کی ۔انہوں نے کہاکہ مسلم لیگ نون کی حکومت کے پہلے چھ ماہ کے دوران افراط زر کی شرح میں پانچ اعشاریہ آٹھ فیصد تک اضافہ ہوا تھا جبکہ تحریک انصاف کے دور حکومت کے پہلے چھ ماہ کے دوران اس میں صرف ایک اعشاریہ چار فیصد اضافہ ہوا ۔فواد چودھری نے کہاکہ سبزمرچ، چنے لہسن ، پیاز، دال، انڈوں ، بندگوبھی اورپیٹرول کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے گیس کے گزشتہ دو مہینوں کے بلوں کا آڈٹ غیر ملکی آڈٹ ماہرین سے کرانے کا بھی فیصلہ کیا۔وزیراطلاعات نے کہا کہ یہ فیصلہ وزیراعظم عمران خان کی طرف سے گیس کے بلوں میںبہت زیادہ اضافے کا نوٹس لینے کے بعد کیا گیا۔وفاقی کابینہ نے گیس کی قیمتوں کی سلیبزکے نظام پر نظرثانی کرنے کا بھی فیصلہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم مہنگی گیس درآمد کرکے صارفین کو کم قیمت پر فراہم کررہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ہم نے گیس کی قیمتیں اس خیال کے پیش نظر بڑھائی ہیں کہ اس سے ملک کی ستر فیصد آبادی متاثر نہیں ہوتی۔فواد چودھری نے کہا کہ وزارت قانون محکموں کی ایک فہرست تیار کریگی جہاں دوہری شہریت کے حامل افراد کو تعینات نہیں کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ایک سرمایہ ہیں اور اربوں ڈالر کی ترسیلات بھیج کروہ معیشت میں اہم کردار ادا کررہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ حکومت بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حوصلہ افزائی کریگی کہ وہ ملک میں آکر عوام کی خدمت کریں۔وزیراطلاعات نے کہا کہ گورنر پنجاب چودھری غلام سرور کی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی ہے جو کرتارپور راہداری سے متعلق بنیادی ڈھانچے کی تعمیر کی نگرانی کریگی۔

انہوں نے کہاکہ دنیا بھر سے سکھ برادری کرتارپور راہداری سے متعلق ہوٹلوں کی تعمیر اور دیگر سہولیات کی فراہمی جیسے منصوبوں میں سرمایہ کاری میں گہری دلچسپی کا اظہار کررہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم پورے عمل کو مربوط بنانا چاہتے ہیں اور پنجاب حکومت اسکی نگرانی کریگی۔

وزیراعظم عمران خان نے ان لوگوں سے سرکاری اراضی اور ہوٹل خالی کرانے کی بھی ہدایت کی جو وہاں رہنے کے مجاز نہیں ہیں۔انہوں نے افسوس ظاہر کیا کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما میاں رضا ربانی اور مسلم لیگ نون کے رہنما مشاہد اﷲ خان غیرقانونی طورپر وزراء کے انکلیو پرقابض ہیں۔

فواد چودھری نے کہاکہ کابینہ نے پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین شہبازشریف کے رویے پر بھی تحفظات کااظہارکیا ۔کابینہ نے خدشات ظاہر کرتے ہوئے کہاکہ کمیٹی کے چیئرمین اربوں روپے کی بدعنوانی میں ملوث بعض منتخب نمائندوں کونیب کی تحقیقات سے بچانے کی کوشش کررہے ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہبازشریف کواخلاقی طورپر پبلک اکائونٹس کمیٹی کی سربراہی سے مستعفی ہوجاناچاہیے۔

وزیراعظم نے ہسپتالوں، سکولوں اور کمرشل عمارتوں سمیت وفاقی دارالحکومت کی عمارتوں تک خصوصی افراد کی رسائی آسان بنانے کے حوالے سے کیے جانے والے اقدامات کے بارے میں سی ڈی اے سے بھی رپورٹ طلب کی ۔کابینہ کو بتایاگیا کہ انسانی حقوق کی وزارت بزرگ شہریوں کے حقوق کے تحفظ کیلئے ایک قانون بھی لارہی ہے۔

انہوں نے کہاکہ ہم بزرگ شہریوں کو تمام ممکنہ سہولیات کی فراہمی کیلئے ایک جامع پروگرام شروع کرنے پر بھی غورکررہے ہیں۔حال ہی میں شروع کی گئی صحت کارڈ سکیم کا ذکر کرتے ہوئے فواد چودھری نے کہاکہ اگلے مرحلے میں فنکاروں اور صحافیوں کو بھی صحت کارڈ دئیے جائیںگے انہوں نے کہاکہ تنخواہ دار طبقے کو بھی سکیم میں شامل کیاجائے گا۔

فواد چودھری نے کہا کہ حکومت نے غربت کے خاتمے کا منصوبہ تیار کیا ہے جس کے تحت بیت المال سمیت تمام اداروں کو یکجا کیا جائیگا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے کابینہ کے اجلاس کے دوران خیبرپختونخوا کے قبائلی اضلاع میں ترقی کی رفتار تیز کرنے کی ہدایت کی۔

کابینہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے وزیراعلی پورے ترقیاتی عمل کا جائزہ لیںگے۔وزیراطلاعات نے کہا کہ یورپی ملکوں سمیت دنیا کے دوسرے ملکوں کے دارلحکومت پاکستان کے حوالے سے اپنی سفری ترجیحات میں تبدیلی لارہے ہیں۔ انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ اس سے ملک میں سیاحت کے فروغ میں مدد ملے گی۔

ایک سوال کے جواب میں وزیراطلاعات نے کہا کہ نیب کو موثر اور شفاف انداز سے کام کرنا چاہیے اور ہم اسے مزید طاقتور بنانا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ آج کے اجلاس میں علیم خان کے معاملے پر بات چیت نہیں کی گئی۔ انہوں نے مسلم لیگ نون کے ساتھ کسی بھی معاہدے کا امکان مسترد کردیا۔فواد چودھری نے کہاکہ عدلیہ، فوج اور حکومت سمیت تینوں اہم ادارے آزادانہ کام کررہے ہیں اور انکے درمیان مثالی تعلقات قائم ہیں جو مستقبل میں بھی جاری رہیںگے۔

 

install suchtv android app on google app store