وفاقی کابینہ کی تشکیل پر مشاورت مکمل، حتمی اعلان کب ہوگا؟

وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف فائل فوٹو وزیر اعظم شہباز شریف اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف

پاکستان مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور وزیر اعظم شہباز شریف نے مشاورت کے بعد وفاقی کابینہ کے لیے نام طے کرلیے۔

ذرائع کے مطابق اسحاق ڈار کو وزیر خارجہ اور خواجہ آصف کو وزیر دفاع بنایا جائے گا، احسن اقبال وفاقی وزیر ترقی و منصوبہ بندی ہوں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ عطا تارڑ کو وزیر اطلاعات، مصدق ملک کو وزیر توانائی بنایا جائے گا۔

جلیل عباس مشیر خارجہ کا قلمدان ملے گا، طارق فاطمی معاون خصوصی برائے خارجہ امور ہوں گے، اورنگزیب خان مشیر خزانہ اور شمشاد اختر معاون خصوصی خزانہ ہوں گی، محسن نقوی کو مشیر داخلہ بنایا جائے گا۔

ذرائع کے مطابق کابینہ کیلئے ناموں کا اعلان کل شام تک کردیا جائے گا، وفاقی کابینہ میں 12 سے 14 وزراء شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ دنوں نئی حکومت بنتے ہی نگراں وفاقی کابینہ کو سبکدوش کر دیا گیا تھا۔

تمام 25 وفاقی وزرا، مشیر اور معاونین خصوصی سبکدوش ہو گئے تھے۔ کابینہ ڈویژن نے نگراں کابینہ کی سبکدوشی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا تھا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق تمام 16 وفاقی وزرا اور 2 مشیروں کو سبکدوش کر دیا گیا تھا جب کہ تمام7معاونین خصوصی بھی سبکدوش ہوگئے تھے۔

install suchtv android app on google app store