وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی کے حملوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے مکہ دفاعی معاہدے کے تحت سعودیہ کی سلامتی اور خود مختاری کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم نے حوثیوں کی جانب سے سعودی عرب کے شہروں ریاض اور ابہا کے ائیر پورٹس کو نشانہ بنانے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے حملوں میں شہریوں کی اموات اور زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا۔
شہباز شریف نے سعودی افواج اور اتحادی فورسز کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں اور مستعدی کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ سعودی افواج اور اتحادی فورسز نے متعدد بیلسٹک میزائلوں کو فضا میں تباہ کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی قیادت اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے، مکہ جوائنٹ ڈیفنس معاہدے کے تحت سعودی عرب کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔
وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب کے اپنے عوام، شہروں اور اہم تنصیبات کے دفاع کے حق کی پاکستان مکمل حمایت کرتا ہے، حوثی فوری طور پر سعودی عرب پر حملے بند کرے، پاکستان ہر خطرے کے مقابلے میں سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا رہے گا۔
یاد رہے کہ سعودی عرب کی اتھارٹی آف سول ایوی ایشن نے اپنے بیان میں کنگ خالد اور اور ابہا انٹرنیشنل ائیرپورٹس پر حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے 3 افراد کی ہلاکت اور 36 افراد کے زخمی ہونے کا بتایا تھا۔