ملک میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد گڈز ٹرانسپورٹ نے بھی کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کردیا۔ صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد ملک شہزاد اعوان نے حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے فیصلے کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملک بھر میں گڈز ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں 5 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔
ملک شہزاد اعوان کا کہنا ہے کہ گزشتہ 20 روز کے دوران پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کے پیش نظر ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
انہوں نے وزیراعظم شہباز شریف کے عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے اقدام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا براہِ راست فائدہ پاکستانی عوام کو پہنچتا ہے۔
صدر آل پاکستان گڈز ٹرانسپورٹ اتحاد نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مزید کمی کرکے عوام کو ریلیف فراہم کریں گے۔
ٹرانسپورٹ سیکٹر پر ٹیکسوں میں کمی کا مطالبہ
ملک شہزاد اعوان نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ ٹرانسپورٹ سیکٹر پر عائد ٹول ٹیکس، ودہولڈنگ ٹیکس اور دیگر ٹیکسوں میں فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ دسمبر اور اگست میں ہونے والی ملک گیر ٹرانسپورٹ ہڑتالوں کے دوران وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی جانب سے کیے گئے وعدوں پر بھی فوری عمل درآمد کیا جائے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ وزیراعظم شہباز شریف سمیت وفاقی اور صوبائی حکومتیں عوام اور ٹرانسپورٹ سیکٹر کو مزید ریلیف فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کریں گی۔
ملک شہزاد اعوان کے مطابق پاکستان کی معیشت، صنعت اور تجارت میں گڈز ٹرانسپورٹ کا کردار انتہائی اہم ہے، اس لیے ٹرانسپورٹ سیکٹر کو درپیش مسائل حل کرنا ملکی معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ضروری ہے۔
واضح رہے کہ گڈز ٹرانسپورٹ کرایوں میں 5 فیصد کمی کے اعلان سے ملک بھر میں تجارتی سامان کی ترسیل کے اخراجات میں کمی کی توقع ہے، جس کے اثرات اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی پڑ سکتے ہیں۔ تاہم اس کا انحصار دیگر اخراجات اور مارکیٹ کے حالات پر ہوگا۔