وفاقی دارالحکومت میں پاکستان کی ثقافتی روایات، لوک موسیقی اور دستکاریوں کا رنگا رنگ میلہ ’’لوک میلہ 2026‘‘ شروع ہوگیا، جو 6 دسمبر تک لوک ورثہ شکرپڑیاں میں جاری رہے گا۔
10 روزہ میلے کا افتتاح وفاقی وزیر قومی ورثہ و ثقافت اورنگزیب خان کھچی نے کیا۔ رواں سال میلے کا موضوع ’’نقوشِ وطن: ہمارا ورثہ، ہمارا مستقبل‘‘ رکھا گیا ہے۔
میلے میں ملک کے چاروں صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر سمیت مختلف علاقوں کی ثقافت کو اجاگر کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر 522 اسٹالز قائم کیے گئے ہیں، جہاں تقریباً 1500 ہنرمند اور فنکار اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔
لوک میلے میں روایتی ملبوسات، دستکاری، کڑھائی، مٹی کے برتن، لکڑی کا کام، علاقائی کھانے، لوک رقص اور موسیقی کے پروگرام شائقین کی توجہ کا مرکز ہیں۔ اس کے علاوہ بچوں کے لیے تفریحی سرگرمیوں اور مختلف ممالک کے ثقافتی پویلینز کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔
میلے کے دوران روزانہ موسیقی کی خصوصی محفلیں منعقد ہوں گی، جبکہ آج افتتاحی تقریب کے ساتھ قوالی نائٹ بھی پروگرام کا حصہ ہے۔ کشمیر، پنجاب، گلگت بلتستان، بلوچستان، سندھ اور خیبر پختونخوا کی ثقافتی موسیقی کے لیے بھی الگ الگ شامیں مختص کی گئی ہیں۔
انتظامیہ کے مطابق لوک میلہ روزانہ صبح 10 بجے سے رات 10 بجے تک عوام کے لیے کھلا رہے گا۔ میلے کا مقصد پاکستان کے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنانا، مقامی ہنرمندوں کی حوصلہ افزائی اور نئی نسل کو علاقائی روایات سے روشناس کرانا ہے۔