محکمہ موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے شہریوں اور متعلقہ اداروں کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، بالائی اوروسطی پنجاب سمیت کئی علاقوں میں بارش کا امکان ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھار بارش بھی متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد اور پنجاب کے بالائی و وسطی اضلاع میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، جس سے موسم خوشگوار ہونے کیساتھ ساتھ نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
پیشگوئی کے مطابق آزاد کشمیر، گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، جبکہ چند مقامات پر موسلا دھار بارش ہونے کی توقع ظاہر کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ شدید بارش کے باعث پہاڑی علاقوں میں مقامی ندی نالوں میں طغیانی اور لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ موجود ہے، جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کی صورتحال بھی پیدا ہو سکتی ہے۔
محکمہ موسمیات نے شہریوں، مسافروں اور سیاحوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ موسمی صورتحال کے پیش نظر غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور بالخصوص پہاڑی علاقوں کا رخ کرنے سے قبل تازہ ترین موسمی معلومات ضرور حاصل کریں۔
متعلقہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی انتظامات مکمل رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ بارشوں کا یہ سلسلہ گرمی اور حبس کی شدت میں کمی لائے گا، تاہم بعض علاقوں میں تیز بارش کے باعث معمولاتِ زندگی عارضی طور پر متاثر ہونے کا بھی خدشہ ہے۔
شہریوں کو بجلی کی گرج چمک کے دوران کھلے مقامات پر جانے اور غیر محفوظ جگہوں پر پناہ لینے سے گریز کرنے کی بھی تلقین کی گئی ہے۔