محکمہ موسمیات نے ملک کے مختلف علاقوں میں کل سے 17 ستمبر تک بارشوں کی پیشگوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہوائیں ملک کے بالائی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں جس کے باعث کئی علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
اسلام آباد، راولپنڈی، مری، گلیات، جہلم اور چکوال میں بارش متوقع ہے جبکہ چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری کا بھی امکان ہے۔
آزاد کشمیر میں وادی نیلم، مظفرآباد، راولاکوٹ اور دیگر علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے، گلگت بلتستان میں بھی کل سے 17 ستمبر تک مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔
پنجاب میں 14 سے 17 ستمبر کے دوران لاہور، سیالکوٹ، شیخوپورہ، نارووال، گجرات، گوجرانوالہ، وزیرآباد، قصور، اوکاڑہ اور ننکانہ صاحب سمیت مختلف علاقوں میں بارش ہونے کا امکان ہے، صوبے کے چند مقامات پر موسلادھار بارش اور ژالہ باری بھی ہوسکتی ہے۔
خیبرپختونخوا میں کل سے 17 ستمبر کے دوران پشاور، دیر، چترال، سوات، ملاکنڈ، مردان، نوشہرہ، چارسدہ، صوابی، شانگلہ، بٹگرام، بونیر اور کوہاٹ میں وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، میرپورخاص اور تھرپارکر میں بارش کا امکان ہے، جبکہ عمرکوٹ، بدین، کراچی اور گردونواح میں بھی وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
بلوچستان میں 13 سے 16 ستمبر کے دوران ژوب، بارکھان، موسیٰ خیل اور گردونواح میں بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ بارشوں کے باعث اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، فیصل آباد اور لاہور کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔
دوسری جانب خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں، گلگت بلتستان، مری، گلیات اور کشمیر میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔