وزیراعظم محمد شہباز شریف ایک روزہ دورے پر قطر کے دارالحکومت دوحہ پہنچے، جہاں انہوں نے حکومتِ پاکستان اور پاکستانی عوام کی جانب سے ریاستِ قطر کے امیرِ والد، شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر قطر کی قیادت اور عوام سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کیا۔
وزیراعظم کے ہمراہ سابق وزیراعظم میاں محمد نواز شریف، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔
دورے کے دوران وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں پاکستانی وفد نے امیرِ قطر، شیخ تمیم بن حمد آل ثانی سے ملاقات کی اور امیرِ والد کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا۔
وزیراعظم نے مرحوم شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کی دوراندیش قیادت، مدبرانہ بصیرت اور قطر کی غیرمعمولی ترقی میں ان کے تاریخی کردار کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ مرحوم نے نہ صرف قطر کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا بلکہ خطے میں امن، استحکام اور خوشحالی کے فروغ کے لیے بھی گراں قدر خدمات انجام دیں۔
وزیراعظم نے پاکستان کے لیے مرحوم امیرِ والد کی خصوصی محبت، گرمجوشی اور دیرینہ تعلقات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور ان کے پاکستان کے متعدد یادگار دوروں کو دونوں ممالک کے مضبوط برادرانہ تعلقات کی علامت قرار دیا۔
انہوں نے اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان اس غم کی گھڑی میں قطر کی قیادت، شاہی خاندان اور عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کے ساتھ کھڑا ہے۔
وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کو جنت الفردوس میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے اور سوگوار خاندان اور قطری عوام کو یہ عظیم صدمہ صبر و استقامت کے ساتھ برداشت کرنے کی توفیق دے۔
اس موقع پرامیرِ قطر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی نے وزیراعظم محمد شہباز شریف، سابق وزیراعظم نواز شریف، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور پاکستانی وفد کا ذاتی طور پر دوحہ آ کر تعزیت کرنے پر شکریہ ادا کیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستانی قیادت کی آمد دونوں برادر ممالک اور ان کے عوام کے درمیان گہرے، تاریخی اور برادرانہ تعلقات کی عکاس ہے، جو ہر مشکل گھڑی میں ایک دوسرے کے ساتھ کھڑے رہنے کی روشن مثال ہیں۔
وزیراعظم شہبازشریف آج صبح ہی ایک روزہ دورے پر قطر پہنچے تھے، سابق وزیراعظم نوازشریف بھی ہمراہ ہیں دوحہ ائیرپورٹ پر قطر کے نائب وزیراعظم وزیر مملکت برائے دفاع نے استقبال کیا۔
وزیراعظم کا دورہ دہائیوں پر محیط دیرینہ اور برادرانہ باہمی تعلقات کا عکاس ہے،نائب وزیراعظم اسحاق ڈاراوروزیر اطلاعات عطا تارڑبھی وزیراعظم کےہمراہ ہیں۔
یاد رہے قطر کے سابق امیر شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی کے انتقال پر حکومتِ پاکستان نے آج 13 جولائی کو قومی یومِ سوگ قرار دیتے ہوئے ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔
کابینہ ڈویژن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق وزیراعظم شہبازشریف کے اعلان کی روشنی میں قطر کے سابق امیر کے انتقال پر قومی یومِ سوگ منایا جائے گا۔
اس موقع پر ملک بھر میں سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہے گا تاکہ مرحوم کے ساتھ اظہارِاحترام اور قطر کے عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا جا سکے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ پاکستان قطر کی حکومت، شاہی خاندان اور عوام کے غم میں برابر کا شریک ہے اور اس مشکل گھڑی میں ان کے ساتھ مکمل ہمدردی اور یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔
حکومتِ پاکستان نے سابق امیر قطر کی خدمات کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شیخ حمد بن خلیفہ آل ثانی نے اپنے دورِ قیادت میں قطر کی ترقی، استحکام اور عالمی سطح پر اس کے کردار کو مضبوط بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔