پاکستان میں مقرر ہونے والے سعودی عرب کے نئے سفیر ڈاکٹر راجح بن طامی البقمی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب پر حوثی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات اور مختلف شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے عزم کا اعادہ کیا ہے۔
وزیراعظم نے پاکستان آمد پر سعودی سفیر کا خیرمقدم کیا اور نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ حالیہ برسوں میں پاکستان اور سعودی عرب کے تعلقات میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
وزیراعظم نے سعودی عرب کے خلاف حوثی حملوں میں حالیہ اضافے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ حملوں میں قیمتی جانیں ضائع ہوئیں اور پاکستانی شہریوں سمیت متعدد بے گناہ افراد زخمی ہوئے۔
وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب ہمیشہ ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کھڑے رہے ہیں۔ انہوں نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید گہرا اور وسیع کرنے کے لیے موجودہ ادارہ جاتی طریقہ کار کو مستحکم کرنے کے پاکستان کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔
وزیراعظم نے سفیر کے لیے ان کی ذمہ داریوں میں کامیابی کی دعا کی اور دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے کے لیے پاکستان کی جانب سے مکمل حمایت اور تعاون کا یقین دلایا۔