معروف امریکی اخبار واشنگٹن ٹائمز نے 2025 کو پاک امریکا تعلقات میں انقلابی تبدیلی اور فیصلہ کن موڑ کا سال قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ واشنگٹن کی جنوبی ایشیا پالیسی میں غیر معمولی تبدیلی واقع ہو چکی ہے، جس کے تحت “انڈیا فرسٹ” دور عملاً ختم ہو گیا ہے اور پاکستان کو واضح فوقیت حاصل ہو گئی ہے۔اخبار کے مطابق سابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی پاکستان پالیسی میں حیران کن تبدیلی دیکھنے میں آئی، جس کی بنیاد مئی میں ہونے والی مختصر مگر شدید پاک بھارت جنگ بنی۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسی واقعے نے امریکی پالیسی کا رخ تبدیل کیا اور خطے کے لیے اسٹریٹجک نقشہ دوبارہ ترتیب دیا گیا۔
واشنگٹن ٹائمز کے مطابق آرٹیکل میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے تعلقات کا تفصیلی تجزیہ بھی شامل ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ پاکستان، جو ماضی میں امریکا کے لیے ایک ناپسندیدہ ریاست سمجھا جاتا تھا، اب شراکت دار ملک بن چکا ہے، جبکہ پاکستان کے بارے میں امریکی رائے میں تیز رفتار تبدیلی ایک نایاب اور منفرد واقعہ ہے۔