ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا سچا اور کھرا اتحادی ملک ہے، پاک ترک دوستی تا قیامت تک جاری رہے گی۔ بحری پلیٹ فارمز کی خدمت میں شمولیت سے متعلق تقریب سےخطاب کرتے ہوئے ترک صدر رجب طیب اردوان کا کہنا تھا کہ آج ہم مکمل کامیاب آزمائشوں کے بعد پی این ایس خیبر کی حوالگی کر رہے ہیں، پاکستان بحریہ کی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے چار ملگیم جہازوں کی تعمیر کا معاہدہ کیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ پہلا جہاز پی این ایس بابر 24 مئی 2024 کو پاکستان کے حوالے کیا گیا، تیسرا جہاز پی این ایس بدر جون 2026 کے اختتام تک جبکہ چوتھا جہاز پی این ایس طارق 2027 کی پہلی سہ ماہی میں پاکستان بحریہ کے حوالے کیا جائے گا، جدید ترین ٹیکنالوجی سے لیس یہ جہاز برادر پاکستان کی بحریہ کے لیے باعثِ تقویت ہوں گے۔
صدر اردوان نے مزید کہا کہ پاکستان ہمارا سچا اور کھرا اتحادی ملک ہے، پاک ترک دوستی تا قیامت تک جاری رہے گی، ترقی کرے گی اور مزید مضبوط ہوگی۔