محکمہ موسمیات نے آج ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور برفباری کی پیشگوئی کر دی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آج ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور مطلع جزوی ابرآلود رہے گا، پہاڑی علاقوں میں صبح اور رات کے اوقات میں موسم شدید سرد رہنے کی توقع ہے۔
آج شام اور رات کو گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیر میں چند مقامات پر بارش ہونے کا امکان ہے، گلگت بلتستان، بالائی خیبر پختونخوا، کشمیرکے پہاڑوں پر ہلکی برفباری ہونے کی توقع ہے۔
دوسری جانب این ڈی ایم اے آج سے 18 دسمبر کیلئے برفباری اور بارش کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی ہے، این ڈی ایم اے کے مطابق اس دوران بالائی خیبر پختونخوا، کوہستان، گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور بلوچستان میں بارش اور برفباری کی توقع ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مغربی ہواؤں کا سلسلہ شمالی و مغربی پاکستان میں اثر انداز ہوگا، ممکنہ موسمی صورتحال کے باعث دھند کی شدت میں بھی اضافے کی توقع ہے، میدانی علاقوں میں ہلکی سے درمیانی بارش جبکہ پہاڑی اور بالائی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
برفباری کے باعث بعض مقامات پر سڑکیں بند ہونے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے، کوئٹہ، زیارت اور شمال مغربی بلوچستان کے بعض علاقوں میں ہلکی بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے الرٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی علاقوں میں متعدد مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی برفباری کا امکان ہے۔