نادرا نے شناختی کارڈ پر موجودہ پتہ تبدیل کرنے کے خواہش مند شہریوں کے لیے نئی ہدایات جاری کر دی ہیں، جن کا مقصد رہائشی ریکارڈ کو درست اور تازہ ترین رکھنا ہے۔ ترجمان نادرا کے مطابق پتہ کی تبدیلی کا عمل مزید آسان بنا دیا گیا ہے، تاہم شہریوں کو اس کے لیے رہائش کا مستند ثبوت فراہم کرنا لازمی ہوگا۔
بیان کے مطابق والدین، شریکِ حیات یا اپنی ملکیت والے پتے پر بجلی، گیس یا پانی کا بل قابلِ قبول ثبوت سمجھا جائے گا۔
علاوہ ازیں ڈومیسائل سرٹیفکیٹ، جائیداد کے کاغذات، ہاؤسنگ سوسائٹی کا الاٹمنٹ لیٹر یا تصدیق شدہ کرایہ نامہ بھی پتہ کی تبدیلی کے لیے جمع کروایا جا سکتا ہے۔
شہری مطلوبہ دستاویزات کے ہمراہ ملک بھر میں واقع کسی بھی قریبی نادرا مرکز سے رجوع کر کے پتہ کی تبدیلی کی درخواست جمع کروا سکتے ہیں۔