سکیورٹی فورسز نے خیبر پختونخوا میں مختلف کارروائیوں کے دوران بھارتی حمایت یافتہ فتنۂ الخوارج کے 15 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 15 اور 16 نومبر کو خیبر پختونخوا کے دو علاقوں میں آپریشن کیے گئے۔ یہ کارروائیاں دہشتگردوں کی موجودگی سے متعلق مصدقہ انٹیلیجنس اطلاعات کی بنیاد پر کی گئیں۔
ترجمان کے مطابق ڈی آئی خان کے علاقے کلاچی اور شمالی وزیرستان کے دتہ خیل میں کیے جانے والے انٹیلیجنس بیسڈ آپریشنز میں دہشتگردوں کے ٹھکانوں کو مؤثر طریقے سے نشانہ بنایا گیا۔
آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کارروائیوں کے دوران مجموعی طور پر فتنۂ الخوارج کے 15 دہشتگرد مارے گئے، جن میں سے 10 ایک آپریشن جبکہ 5 دوسرے آپریشن میں ہلاک ہوئے۔
بیان کے مطابق کلاچی میں ہونے والی کارروائی میں مارے جانے والوں میں دہشتگردوں کا اہم سرغنہ عالم محسود بھی شامل ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کا کہنا ہے کہ علاقے میں بھارتی سرپرستی یافتہ خوارج کےخاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے، غیر ملکی پشت پناہی یافتہ دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک انسداد دہشتگردی کی مہم جاری رکھیں گے۔