وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی اجازت ہے، کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے کھڑی ہے، نواز شریف نے بھی اپنے دور میں اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی۔
وزیر اعظم ہاؤس میں کرسمس کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ حضرت عیسیٰ علیہ السلام انسانیت کے لیے خدمت کا پیغام لائے، قرآن کریم میں ان کی والدہ کا انتہائی بلند مقام بیان کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسیحی برادری کے تاریخی اور قابل قدر کردار کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ حکومت اقلیتوں کے حقوق اور تحفظ کے لیے کھڑی ہے، نواز شریف نے بھی اپنے دور میں اقلیتوں کے حقوق کی پاسداری کی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان میں ہر شہری کو اپنے مذہب پر عمل کی اجازت ہے، کسی کو من مانی کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
ان کا کہنا تھا کہ ہمارے شاہینوں نے بھارت کے 7 طیارے گرائے، وطن پر لہو قربان کرنے والے مسیحی بھائیوں کو سلام پیش کرتا ہوں۔
قبل ازیں کرسمس پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم نے کہا کہ آج کرسمس کے پرمسرت اور بابرکت موقع میں عوام اور حکومت پاکستان کی جانب سے دنیا بھر اور بالخصوص پاکستان میں بسنے والی مسیحی برادری کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، تمام اہل وطن کو اس تہوار کی روایتی خوشیاں مبارک ہوں۔
انہوں نے کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت باسعادت کے اس مبارک دن ہم دعاگو ہیں کہ یہ کرسمس مسیحی برادری اور ہمارے ملک کے لیے امن و استحکام اور خوشحالی کی نوید لے کر آئے۔