وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے متعلقہ حکام کو موٹرویز پر حادثات کی روک تھام کیلئے دنیا کے بہترین ٹریفک نظام سے استفادہ کرنے اور ایئرایمبولینس سروس کا جلد آغاز یقینی بنانے کا حکم دیدیا۔
این ایچ اے اور موٹروے پولیس میں اصلاحات سے متعلق اجلاس میں وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہمیں اپنے لوگوں کی جانیں بچانے کیلئے ہر حد تک جانا ہے۔ وفاقی وزیر مواصلات نے ملکی موٹر ویز پر حادثات روکنا اور مسافروں کی جانیں بچانا اپنا اولین فریضہ قرار دیدیا۔
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کیلئے بین الاقوامی معیار کے اداروں سے رجوع کیا جائے ۔ سینئر حکام دنیا کے دیگر ممالک کے ٹریفک نظام کو بھی اسٹڈی کریں ۔
عبدالعلیم خان نے حکم دیا کہ موٹر وے پولیس کیلئے بہترین افسران کا انتخاب کیا جائے۔ نااہل اور میرٹ پر پورا نہ اترنے والے افسران کی ادارے میں جگہ نہیں ہونی چاہیئے ۔ موٹر ویز پر اوور اسپیڈنگ کو ہر حال میں کنٹرول کرنا ہے ۔ حد رفتار کی خلاف ورزی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ موٹر وے پولیس کو جدید ترین ٹیکنالوجی سےلیس کنٹرول روم بنانے کی بھی ضرورت ہے۔
وفاقی وزیر مواصلات نے ہدایت کی کہ ائیر ایمبولینس سروس کا جلد آغاز یقینی بنایا جائے ۔ موٹر ویز پر ٹراما سنٹرز کے قیام کیلئےتجاویز تیار کی جائیں ۔ شاہراہوں پر ریسٹ ایریاز کی بہتری بھی انتہائی اہم ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کے اشتراک سے ٹھوس اقدامات یقینی بنائے جائیں۔