300 یونٹ بجلی مفت، موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول دیں گے: علیم خان

علیم خان فائل فوٹو علیم خان

استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) کے صدر عبدالعلیم خان نے اعلان کیا ہے کہ 300 یونٹ سے کم استعمال کرنے والوں کے لیے بجلی مفت، موٹر سائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا۔

جہانیاں میں جلسے سے خطاب میں علیم خان نے کہا کہ ہم روشن مستقبل اور پاکستان کی ترقی کیلیے جدوجہد کر رہے ہیں، چاہتے ہیں ملک میں ہر ایک کے پاس روزگار ہو خواتین کو روزگار دینے کے اقدامات کرنا چاہتے ہیں، جہانگیر ترین کی سربراہی میں پارٹی منشور تشکیل دیا ہے۔

علیم خان نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو 300 یونٹ تک بجلی یونٹ والوں کا خرچہ حکومت دے گی اور غریبوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول فراہم کیا جائے گا، پیٹرول کی قیمت بڑے لوگوں سے وصول کرنی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت مزدور کی کم از کم اجرت 50 ہزار مقرر کرے گی جبکہ ساڑھے 12 ایکڑ تک کے کسانوں کیلیے ٹیوب ویل بجلی مفت ہوگی، جن کے پاس گھر نہیں ان کیلیے اپارٹمنٹ بنیں گے، سرکاری اراضی کو غریبوں کیلیے استعمال کیا جائے گا، کچی آبادی میں رہنے والوں کو مالکانہ حقوق دیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ آئی پی پی ملک کے غریبوں کو دلدل سے نکالے گی، اس ملک کو چوروں کی حکمرانی سے نجات دلائیں گے، ہم نے ملک میں بادشاہت کے خلاف کھڑے ہونے کا فیصلہ کیا۔

جلسے میں سابق وزیر اعظم و چیئرمین پی ٹی آئی پر تنقید کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ 2018 میں پی ٹی آئی کے جیتنے کے بعد اقربا پروری اور کرپشن کا نیا پاکستان بن گیا، ہمیں دکھاتے تھے کہ شوکت خانم اور نمل یونیورسٹی بنائی ہے، ہمیں کہا جاتا تھا کہ پاکستان کو خوبصورت بنائیں گے۔

علیم خان نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی وزیر اعظم بننے تو پنجاب کو عثمان بزدار کا تحفہ دیا، عثمان بزدار فرنٹ مین تھے اور کوریئر کا کام کرتے تھے، پہلی بار پنجاب میں ڈی سی اور ڈی پی او کی پوسٹنگ پیسوں پر ہوئی، ہم نے جو 8 سال محنت کی تھی اس خوابوں کو ٹوٹتا دیکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا 50 لاکھ گھر بنا کر دیں گے اور ایک کروڑ نوکریاں دیں گے، کہیں کوئی ایک گھر نہیں بنا نہ کسی کو نوکری ملی صرف جیبیں بھری گئیں۔

install suchtv android app on google app store