عثمان بزدار اور محمود خان کرپٹ ترین وزرائے اعلیٰ تھے: علیم خان

علیم خان فائل فوٹو علیم خان

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا کہ ہم نے نیا پاکستان بنانے کیلیے 10 سال تک رات دن محنت کی اور جب وہ صاحب وزیر اعظم بنے تو پنجاب میں بزدار کو لے آئے اور خیبرپختونخوا میں گورا بزدار وزیراعلیٰ بنایا۔

کامونکی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ (عثمان بزدار، محمود خان) نالائق اور کرپٹ ترین تھے۔ پنجاب میں عثمان بزدار نے بنی گالہ کی سپورٹ سے کرپشن کا جمعہ بازار لگایا اور بیڈ گورننس کی جس سے لوگوں کے دل ٹوٹ گئے۔ پی ٹی آئی دور میں لاہور کے سرکاری اسپتالوں میں ایک بیڈ پر چار چار بچے ہوتے تھے جبکہ مائیں اپنے بچوں کو باہر گودوں میں لے کر بیٹھتی تھیں۔

علیم خان نے کہا کہ چور اور لٹیرے حکمران ہمارے ملک کو لوٹ کر کھا گئے، سندھ کا حال یہ ہے کہ وہاں ایک ہی ندی سے کتے اور انسان کے بچے پانی پیتے ہیں، جن کو ہم نے ایماندار سمجھا اُن کے کرتوت عوام کے سامنے ہیں۔

استحکام پاکستان پارٹی کے صدر نے کہا کہ فوج نے پی ٹی آئی کو مکمل سپورٹ دی اور آج یہ اُن پر ہی تنقید کررہے ہیں اور فوج کے خلاف باتیں کررہے ہیں جبکہ ہمارے فوجی سرحدوں پر قربانیاں دے رہے ہیں، آج ہمارا ملک فوج کی وجہ سے ہی مضبوط ہے کیونکہ فوج ہے تو پاکستان ہے۔

علیم خان نے کہا کہ اگر ہمیں حکومت میں آنے کا موقع ملا تو امیروں کیلیے بجلی کی قیمت دگنی کر کے غریب کو 300 یونٹ تک مفت بجلی دیں گے، کسانوں کو ٹیوب ویل کے لیے فری بجلی ملے گی، موٹرسائیکل والوں کو آدھی قیمت پر پیٹرول ملے گا جبکہ نوجوانوں کو بلاسود قرض دیں گے۔

install suchtv android app on google app store