آئی ڈی پیز کے لیے ایک ارب روپے امداد کا اعلان

zaebe azab File Photo zaebe azab

وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار نے گزشتہ روز منگل کو شمالی وزیرستان میں فوجی آپریشن ضربِ عضب سے متاثرہ افراد کے لیے ایک ارب روپے کی مالی امداد کا اعلان کیا ہے۔

فنڈز کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے وزیرِ خزانہ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان کے متاثرین کی بحالی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ان افراد کی زندگیوں کو معمول پر لانا ہمارا عزم ہے، جو دہشت گردی کے خاتمے میں حکومتی کوششوں کی حمایت کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ارب روپے کی یہ رقم ستمبر 2014 کے آخر تک متاثرہ افراد کی ضروریات کو پورا کرے گی۔

اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ ہماری حکومت نے اب تک کل دو اعشاریہ آٹھ ارب روپے فاٹا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی کو جاری کیے ہیں۔

وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ حکومت رقم کی تقسیم میں محتاط ہے اور یہ رقم جاری کرنے سے قبل ہم نے ایف ڈی ایم اے سے جون سے اگست تک ہونے والے اخراجات کی تمام تفصیلات حاصل کی تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ کل ساٹھ ہزار خاندان حکومتی پلان کے تحت ہر ماہ 12 ہزار روپے کی رقم حاصل کر رہے ہیں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ حکومت کچھ بین الاقوامی ایجنسیوں کے ساتھ ان افراد میں گندم کی فراہمی کے لیے بھی کام کر رہی ہے۔

اس مقصد کے تحت قومی فوڈ سیکیورٹی اور ریسرچ کی وزارت کی جانب سے بھی 25 ہزار ٹن گندم عالمی ادارے برائے غذائی پروگرام اور پاسکو کو جاری کیے گئے ہیں۔

install suchtv android app on google app store