کسی کو مائنس کرنا ن لیگ کےایجنڈے میں شامل نہیں: سعد رفیق

خواجہ سعد رفیق فائل فوٹو خواجہ سعد رفیق

پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کسی کو مائنس کرنا مسلم لیگ ن کے ایجنڈے میں شامل نہیں ہے، ہم شکر گزار ہیں ان سب لوگوں کے جنہیں یقین ہوگیا ہے کہ نواز شریف وزیراعظم بنیں گے۔

کراچی میں ن لیگ کے رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ دہائیوں تک کراچی شہر پر توجہ نہیں دی گئی، سوچے سمجھے منصوبے کے تحت کراچی کو کھنڈر بنا دیا گیا۔

خواجہ سعد رفیق نے مزید کہا کہ اس بار ہمارا پورا فوکس سندھ پر ہے، نواز شریف نے گرین لائن کا تحفہ کراچی کو دیا اور کے فور پر بھی کام کیا، کراچی کے امن و امان کی بحالی کا کریڈٹ نواز شریف کو جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جے یو آئی اور ایم کیو ایم کے ساتھ پہلے ہی طے ہو گیا تھا کہ مل کر الیکشن لڑیں گے، آج بہادر آباد میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنماؤں سے ملاقات کے لیے جائیں گے، ملاقات میں کراچی اور بلدیاتی نظام پر بھی بات ہوگی۔

سعد رفیق کا کہنا تھا سیاسی اختلاف اپنی جگہ رہے لیکن بات چیت بھی کریں، پی ٹی آئی نے پاکستان کی سیاست کو گندا کیا ہے، سماجی تعلق ٹوٹنا نہیں چاہیے اور رابطے قائم رہنے چاہئیں۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ الیکشن قریب آتا ہے تو سیاستدان باتیں کرتے ہیں، ہمارے والے بھی کرتے ہیں، کس نے کیا فرمایا یہ سیاسی بیان آتے جاتے رہیں گے، کوئی ایک ادارہ یا جماعت اکیلے اس ملک کو بہتر نہیں کرسکتی، ملک دیوالیہ ہوگیا تھا اس کو ہم نے مل کر بچایا۔

install suchtv android app on google app store