مسلم لیگ ن اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) نے عام انتخابات 2024 ملکر لڑنے کا اعلان کردیا۔ الیکشن مل کر لڑنے کا اعلان متحدہ قومی موومنٹ پاکستان وفد اور مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کے درمیان ملاقات ختم ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
سیاسی بیٹھک میں ن لیگ کی جانب سے نواز شریف، شہباز شریف، مریم نواز، رانا ثناء اور ایم کیو ایم کے خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اورمصطفی کمال سمیت دیگر رہنما موجود تھے۔
مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم وفد کی ملاقات کا اعلامیہ بھی جاری کردیا گیا ہے جس کے بعد دونوں جماعتوں نے 6 رکنی کمیٹی قائم کرنے کا بھی فیصلہ کر لیا ہے جو سندھ بالخصوص شہری علاقوں کے مسائل کے لئے جامع چارٹر تیار کریں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کمیٹی دونوں جماعتوں کے درمیان اشتراک کے لئے حتمی تجاویز 10 روز میں پیش کریں گی۔
دونوں جماعتوں کے بڑوں کے درمیان ملاقات میں عوام کو موجودہ مسائل سے نکالنے کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق ہوا ہے۔
لاہور میں ملاقات کے بعد فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے لیگی رہنما خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ 8 فروری کو ہونے والا الیکشن دونوں جماعتیں مل کر لڑیں گی۔
اس موقع پر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ کوئی ایک جماعت ملک کے تمام مسائل حل نہیں کرسکتی، لہٰذا موجودہ مسائل سے مل کر ہی نمٹا جاسکتا ہے، ہمیں قومی ذمہ داری کو سمجھنا ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ ملک کی مجموعی صورتحال میں بحران کا سامنا ہے، کوئی ایک جماعت ملک کے تمام مسائل حل نہیں کرسکتی، اسی لئے انتخابات میں مشترکہ حکمت عملی اختیار کی جائے گی۔
میڈیا سے گفتگو میں ایم کیو ایم رہنما مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ملک کے حالات اس وقت ٹھیک نہیں، ملک کے مسائل کو مضبوط لیڈرشپ حل کرسکتی ہے اور نواز شریف سینئر ترین رہنماؤں میں سے ایک ہیں۔
مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ اب کوئی بھی اتحاد وزارتوں پر نہیں مسائل کے حل پر ہوگا، کراچی ملک کے مسائل کے حل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے، نوازشریف نے گلگت سے کراچی تک کے عوام کی بات کی۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ایم کیو ایم 2013 کی پوزیشن ایک بار پھر حاصل کرے گی، البتہ کراچی پورے پاکستان کو 60فیصد سے زائد ریونیو دے رہا ہے، لہٰذا آج پاکستان کو مشکل حالات سے آئی ایم ایف نہیں بلکہ کراچی نکال سکتا ہے
ایم کیوایم کا وفد خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں لاہور پہنچا تھا جہاں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں نے اُن کا استقبال کیا۔
ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال اور الیکشن پر گفتگو ہوگی۔ اس سے قبل ترجمان ایم کیو ایم نے بتایا تھا کہ آج نواز شریف سے ملاقات میں خالد مقبول صدیقی، مصطفیٰ کمال اور فاروق ستار شامل ہوں گے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز شہباز شریف نے کنوینر ایم کیوایم خالد مقبول صدیقی سے ٹیلیفونک رابطہ کیا تھا اور انہیں اپنے وفد کے ہمراہ نواز شریف سے ملاقات کی دعوت دی تھی۔