نئے انتخابات سے متعلق مولانا فضل الرحمان کا بڑا دعویٰ

مولانا فضل الرحمان فائل فوٹو مولانا فضل الرحمان

جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے دعویٰ کیا ہے کہ شفاف الیکشن کیلئے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اسمبلیوں سے استعفوں پرآمادہ ہے اور نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی خیبرپختونخوا اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے۔

صحافیوں سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ جے یو آئی نے پی ٹی آئی سے مذاکرات کیلئے کمیٹی بنا دی جس کی سربراہی کامران مرتضیٰ ہوں گے اور کمیٹی میں مولانا لطف الرحمان، فضل غفور، اسلم غوری اور مولانا امجد شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کمیٹی پی ٹی آئی سے مذاکرات کرے گی اور کمیٹی پی ٹی آئی کےمشاورت سے حکمت عملی طے کرےگی، دیگر سیاسی جماعتوں سے اختلاف رائے ہے، پی ٹی آئی سے تلخیاں تھیں، ان کے ساتھ تعلقات معمول پر لائے جارہے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ شفاف الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اسمبلیوں سے استعفوں پرآمادہ ہے، نئے انتخابات کیلئے پی ٹی آئی کے پی اسمبلی تحلیل کرنے کو تیار ہے اور پی ٹی آئی نے اسمبلیوں سے مستعفی ہونے کی یقین دہانی کروائی ہے۔

سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھاکہ خیبرپختونخوا میں بھی حقیقی مینڈیٹ نہیں، ن لیگ اور پیپلزپارٹی بے بس ہیں، خیرخواہی میں کہا تھا کہ ن لیگ پیپلزپارٹی حکومت نہ لے، پیپلزپارٹی ن لیگ کو حکومت کی ذمہ داری راس نہیں آرہی، شفاف انتخابات کے بغیر ملک میں امن آئے گا نہ معاشی استحکام۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن سے پہلے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کے ساتھ مقابلہ میدان میں ہے، جو سیاسی سہولت بطور سیاست دان مجھے ہو وہ سب کو ہونی چاہیے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ معاشی استحکام کیلئے سیاسی استحکام لازمی ہے، اس کے بغیر ملک نہیں بڑھ سکتا، ملک اب مزید کسی ایڈونچر یا مارشل لا کا متحمل نہیں ہوسکتا، حالات اور اختیارات اب ان کے ہاتھ سے نکل چکےہیں، اسٹیبلشمنٹ اپنی پالیسی پر ردوبدل کرے ایسے ملک نہیں چلے گا۔

install suchtv android app on google app store