جناح ہاؤس دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا، ذمہ داروں کو ضرور سزا ملنی چاہئے: خلیل جارج

نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج فائل فوٹو نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج

نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے کہا ہے کہ جناح ہاؤس کی حالت دیکھ کر سر شرم سے جھک گیا، قائد کے گھر کو جس طرح جلایا گیا یہ انتہائی شرم کی بات ہے اور جنہوں نے نوجوانوں سے یہ کروایا ان کا مائنڈ واش کیا، یہ شرمناک امر ہے۔

نگران وفاقی وزیر برائے انسانی حقوق خلیل جارج نے ہفتے کے روز لاہور میں 9مئی کو جلائے گئے جناح ہاوس کا دورہ کیا۔ اس موقع پر میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ یہ ملک رہتی دنیا تک قائم رہے گا، پاک فوج ہمارا اثاثہ ہے، اسی کی وجہ سے ہم سکون کی نیند سوتے ہیں۔

خلیل جارج نے کہا کہ 9مئی کے واقعات میں شہدا کی بے حرمتی کی گئی، وہ ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وہ 9 مئی اور سانحہ جڑانوالہ کی بھرپور مذمت کرتے ہیں، 9مئی اور سانحہ جڑانوالہ کے ملزموں کو قرار واقعی سزا دی جانی چاہئے۔ سانحہ جڑانوالا کے حوالے سے نگران وفاقی وزیر نے کہا کہ جمعہ کے روز وہ جڑانوالہ گئے تھے، وہاں لوگوں کا بہت نقصان ہوا ہے، شکر ہے کہ کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔

یہ بھی پڑھیں: جسٹس قاضی فائزعیسیٰ مسیحی برادری سے اظہار یکجہتی کیلئے جڑانوالہ پہنچ گئے

خلیل جارج کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حقوق مل رہے ہیں، وہ مسیحی ہیں انہیں وفاقی وزیر بنایا گیا ہے۔قرآن پاک سمیت ہر آسمانی کتاب ہمارے دل کے قریب ہے، وہ نوجوانوں سے ہاتھ جوڑ کر اپیل کرتے ہیں کہ کسی کے بہکاوے میں مت آئیں، کوئی بھی مسلمان مسیحی عبادت گاہوں کو نہیں جلا سکتا، دشمن ہمیشہ ہمارے ذریعے سے کامیاب ہوتا ہے، دشمن چاہتا ہے کہ ہم لڑیں، جو شخص ملک دشمنی والا کام کرے اسے سزا ہونی چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: جڑانوالہ واقعہ قابل مذمت ہے، ایسے واقعات کی کوئی گنجائش نہیں: انیق احمد

وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ملک میں شدت پسندی بڑھانے کی کوشش کی جا رہی ہے، نفرت کے جذبات ابھارنا ملک کیلئے نیک شگون نہیں، ان کا یقین ہے کہ ملک دشمن عناصر کی ہر سازش ناکام ہو گی، پاکستان ان شا اللہ رہتی دنیا تک قائم دائم رہے گا۔

install suchtv android app on google app store