مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر پاکستانی اور غیرملکی شخصیات اعزازات کیلئے منتخب

مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر پاکستانی اور غیرملکی شخصیات اعزازات کیلئے منتخب فائل فوٹو مختلف شعبوں میں نمایاں خدمات پر پاکستانی اور غیرملکی شخصیات اعزازات کیلئے منتخب

یومِ آزادی پر 304 پاکستانیوں اور غیرملکیوں کو اعزازات کیلئے منتخب کرلیا گیا، متعلقہ شعبوں میں نمایاں خدمات انجام دینے پر اعزاز دینے کی تقریب 23 مارچ 2024 کو ہو گی۔

جن شخصیات کو اعزاز سے نوازا جائے گا اُن میں ایک موجودہ اور ایک سابق وزیر اعلیٰ بھی شامل ہیں۔ انٹیلی جنس بیورو اور پولیس کے انسداد دہشت گردی یونٹ کے افسران بھی اعزاز پانے والوں میں شامل ہیں۔

اعزاز پانے والوں میں ماہر تعلیم، سائنسدان، شاعر، صحافی اور اداکار بھی شامل ہیں۔ شاعر افتخار عارف، سابق ہاکی کپتان اصلاح الدین کو نشان امتیاز سے نوازا جائے گا۔

قائم علی شاہ، سینیٹر راجہ ظفرالحق، سابق گورنر اسٹیٹ بینک شمشاد اختر کو نشان امتیاز دیا جائے گا۔ سعودی شہزادہ خالد بن سلمان، چینی نائب وزیراعظم ہی لیفنگ کو ہلال پاکستان عطا کیا جائے گا۔

سعودی عرب کے وزیر دفاع انجینئر طلال بن عبداللّٰہ العتیبی کو ستارہ پاکستان سے نوازا جائے گا۔ ہلال قائد اعظم 4 چائنیز سفارتکاروں لو ژاؤ ہوئی، ننگ جیژے، نونگ رونگ اور شازو کونگ کودیا جائے گا۔

انسداد دہشت گردی کے 13 شہداء سمیت 18 اہلکاروں، آئی بی کے 3 افسران طارق محمود، عامر نسیم اور ماجد سلیم ملک کو ستارہ شجاعت دیا جائےگا۔

آئی جی کے پی اختر حیات خان اور ڈی آئی جی کراچی مقدّس حیدر کو ستارہ شجاعت دیا جائے گا جبکہ چیئرمین ایچ ای سی ڈاکٹر مختار احمد، گلوکار راحت فتح علی سمیت 17 پاکستانیوں کو ہلال امتیاز دیا جائے گا

معروف شاعر انور مسعود، اخوت فاؤنڈیشن کے بانی ڈاکٹر امجد ثاقب، ٹریفک حادثے میں جاں بحق سابق وفاقی وزیر مفتی عبدالشکور کے لیے بھی ہلال امتیاز کا اعلان کیا گیا ہے۔ فلم ڈائریکٹر سرمد سلطان کھوسٹ سمیت 50 کے قریب افراد کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

وزیر اعلیٰ بلوچستان عبدالقدوس بزنجو، صحافی واصف ناگی، ڈی جی نیب وقار چوہان، مفتی منیب الرحمٰن، مرزا اختیار بیگ، کوہ پیما نائلہ کیانی، فہد ہارون اور دیگر کو ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

صحافی خالد مسعود خان، سہیل وڑائچ، سلمان غنی کو بھی ستارہ امتیاز سے نوازا جائے گا جبکہ صحافی غریدہ فاروقی، وقار ستی، فاروق عادل، فہد حسین، سلیم بخاری کو بھی تمغہ امتیاز سے نوازا جائے گا۔

install suchtv android app on google app store