سازشی ٹولے کی جماعت کا ترجمان ٹوئٹر ہینڈل ہے: مریم اورنگزیب

مریم اورنگزیب فائل فوٹو مریم اورنگزیب

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سازشی ٹولے کی جماعت کا آج کوئی ترجمان نہیں، صرف ٹویٹر ہینڈل ترجمان ہے، بیرون ملک اس فارن ایجنٹ کے پراکسیز ہیں جو ملک کے خلاف مہم جوئی کرتے ہیں۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا سانحہ 9 مئی کا فائدہ ملک دشمن کو ہوا اور اس سازش کی ناکامی کا فائدہ پاکستان کے عوام کو ہوا، آج سانحہ 9 مئی کا ماسٹر مائنڈ پوچھ رہا ہے کہ 9 مئی کے واقعات کا فائدہ کس کو ہوا؟ یہ شخص قوم کا مجرم ہے، معاشی تباہی کا مجرم ہے، شہداءاور ان کے ورثاءکا مجرم ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ فارن ایجنٹ کے پراکسیز بیرون ممالک بیٹھے ہوئے ہیں جو امریکہ یا دیگر ممالک کے لابسٹ کو انگیج کر کے رکھتے ہیں اور ایک ٹولہ بلوں میں گھس کر ٹویٹ کرتا ہے لیکن بریکنگ نیوز یہ ہے کہ فارن ایجنٹ کے مطابق تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی جماعت ہے، اور اس جماعت کا کوئی ترجمان نہیں، صرف ٹویٹر ہینڈل ہی اس کا ترجمان ہے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ فراڈ، سازشی، فتنہ، فسادی ٹولہ ملک اور عوام کو لوٹ کر چلا گیا، عوام کا روزگار اور معیشت تباہ کی۔ اس فتنے کے کہنے پر دوسروں کو چور کہتے تھے آج وہ مکروہ چہرے نواز شریف کی اچھائی کی گواہیاں دے رہے ہیں۔ فارن ایجنٹ کہتا ہے کہ توشہ خانہ سے اس نے چوری نہیں کی، 190 ملین پائونڈ والے لفافے کا اسے کچھ نہیں پتہ، میری کابینہ سے پوچھو۔ یہ شخص جھوٹا، دھوکے باز اور ذہنی مریض ہے، اس کا مرض لا علاج ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے کل اپنی اسٹیٹمنٹ میں ان تمام چیزوں کی نشاندہی کی تھی کہ تمام ثبوت آ چکے ہیں، ملک سے باہر بیٹھا فسادی کا ٹولہ اداروں کے خلاف مہم جوئی کرتا ہے، اس ٹولے نے لسبیلہ ہیلی کاپٹر کے شہداءکے خلاف مہم جوئی کی، آرمی چیف اور اہم شخصیات کے خلاف خطرناک سوشل میڈیا مہمات چلائیں، یہ تمام لوگ اس فارن ایجنٹ، جھوٹے اور فراڈیئے کی پراکسیز ہیں جو کبھی کہتا ہے کہ مجھ پر راکٹ لانچر سے حملہ ہونے والا ہے، کبھی کہتا ہے مجھ پر قاتلانہ حملہ ہو رہا ہے، کوئی پوچھے کہ اگر تم پر قاتلانہ حملہ ہونے والا ہے تو منہ پر بالٹی یا ڈبہ رکھنے سے نہیں ہوگا؟۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایف آئی اے کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں جن پر کارروائی ہو رہی ہے، وہ تمام عناصر جو آزادی اظہار رائے کا سہارا لے کر اس قسم کا خطرناک کھیل کھیلتے ہیں، ان کے خلاف ثبوت آ چکے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایسی حرکتوں سے اگر کوئی نقصان ہوا تو اس کا ذمہ دار فارن ایجنٹ ہوگا۔ جس شخص نے سانحہ 9 مئی کی منصوبہ بندی کی، ذہن سازی کی، اس کو پلان کیا، اس کی ہدایت پر یہ سب کچھ ہوا۔

install suchtv android app on google app store