ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، 9 افراد جاں بحق، 44 زخمی

ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے فائل فوٹو ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ رات زلزلےکے شدید جھٹکے محسوس کیےگئے، خیبر پختونخوا میں زلزلے نے سب سے زیادہ نقصانات ہوئے جہاں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوئی ہے۔

ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ اب تک کی اطلاعات کےمطابق صوبہ بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا ہے۔

بیان کے مطابق سیکریٹری ریلیف عبدالباسط اور ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) پی ڈی ایم اے ایمرجنسی آپریشن سینٹر میں موجود ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق منگل کو رات 9 بج کر 47 منٹ پر آنے والے زلزلے کے جھٹکوں کی شدت ریکٹر اسکیل پر 6.8 محسوس کی گئی تھی۔

زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا علاقہ تھا جس کی گہرائی 180کلومیٹر تھی۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، پشاور، جہلم، شیخوپورہ، سوات، نوشہرہ، ملتان، شانگلہ، کوئٹہ، بہاولپور ،لودھراں، ڈیرہ غازی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار، کرک ،لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ ،اسکردو اور چلاس سمیت دیگر شہروں میں بھی محسوس کیے گئے تھے۔

امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق زلزلے کی شدت 6.5 ریکارڈ کی گئی اور اس کا مرکز افغانستان کے علاقے جرم کے جنوب مغرب میں 40کلومیٹر دور تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے زلزلے سے اموات پر رنج وغم اور متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت کیا ہے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی جانب سے ٹوئٹر پر جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کو اپنے اپنے علاقوں میں فوری اقدامات کی ہدایت کی ہے۔

زلزلے کے جھٹکے پاکستان کے ساتھ ساتھ افغانستان کے دارالحکومت کابل اور پڑوسی ملک بھارت کے شہر نئی دہلی میں بھی محسوس کیے گئے۔

install suchtv android app on google app store