صدر مملکت اور وزیراعظم کا خواتین کے عالمی دن پر خصوصی پیغام

صدر مملکت اور وزیراعظم فائل فوٹو صدر مملکت اور وزیراعظم

پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین کاعالمی دن منایا جارہا ہے جس کا مقصد خواتین کی سماجی، معاشی، ثقافتی اور سیاسی کامیابیوں کوتسلیم کرنا ہے۔ اس سال دن کا موضوع ہے ''صنفی مساوات کے لئے جدید ٹیکنالوجی تک یکساں رسائی''اس دن کے موقع پر متعدد تقریبات اور پروگرامز کا اہتمام کیا گیا ہے

صدر مملکت ڈاکٹرعارف علوی اور وزیراعظم شہبازشریف نے معاشرے کی ترقی کے لئے خواتین کو بااختیار بنانے کی ضرورت پرزور دیا ہے۔ آج خواتین کے عالمی دن کے موقع پر انہوں نے اپنے الگ الگ پیغامات میں زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کی شمولیت میں اضافے کی اہمیت واضح کی۔

صدرڈاکٹرعارف علوی نے کہا کہ پاکستان کے خصوصاً دوردرازعلاقوں میں ٹیکنالوجی اور جدید تعلیمی پروگرامز تک خواتین کی رسائی میں اضافے کی اشد ضرورت ہے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کے لئے انٹرنیٹ، لیپ ٹاپس اور دیگر جدید ٹیکنالوجیز تک رسائی سمیت سائنس، ٹیکنالوجی، انجینئرنگ اور ریاضی کے شعبوں میں ان کے لئے روزگار کے مواقع کی حوصلہ افزائی کی جانی چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ خواتین کومعاشی طورپربااختیاربنانے کے لئے ضروری ہے کہ کاروباری اور تجارتی سرگرمیوں میں ان کی شمولیت کے لئے تمام تر وسائل اور تعاون فراہم کیا جائے۔

وزیراعظم شہبازشریف نے اپنے پیغام میں کہا کہ خواتین کے عالمی دن کا مقصد معاشرے میں خواتین کے اہم کردار اورانسانی تہذیب کے ارتقاء میں ان کے کردار کو تسلیم کرنا ہے۔

وزیرِ اعظم شہباز شریف نےکہا کہ ہمارے دین اسلام نے خواتین کو آج سے 14 سو سال پہلے برابری کے حقوق دیے۔ ماں کے قدموں تلے جنت اور بیٹی کو گھر کی رحمت قرار دیا، اسلام خواتین کے وقار کو ماند کیے بغیر انہیں زندگی کے ہر شعبے میں مثبت کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کرتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ موجودہ انسانی معاشرہ خواتین کی ہر شعبے میں خدمات کی مثالوں سے بھرا پڑا ہے، اکیسویں صدی کی دنیا میں خواتین مردوں کے شانہ بشانہ انسانی تہذیب کی ترقی میں مصروفِ عمل ہیں، آج کسی بھی شعبے کو اٹھا کر دیکھ لیں آپ کو خواتین اپنی گھریلو ذمہ داریوں کی احسن طریقے سے انجام دہی کے ساتھ ساتھ ہر شعبے میں قائدانہ کردار میں نظر آئیں گی جو خوش آئند امر ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتِ پاکستان خواتین کو ان کے منصفانہ حقوق کی فراہمی کیلئے ہر وقت کوشاں ہے. پاکستان کی تقریباً نصف آبادی خواتین پر مبنی ہے۔ آج قوم کی با صلاحیت بیٹیاں، مائیں اور بہنیں باوقار طریقے سے ملک و قوم کی خدمت میں مصروفِ عمل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ خواتین کو مزید با اختیار، ان کے تحفظ اور منصفانہ حقوق کو یقینی بنانے کیلئے پورے معاشرے کو مل کر کام کرنا ہوگا، اس میں سول سوسائٹی، میڈیا اور حکومت سب کو تعاون سے نہ صرف خواتین کے حقوق اور ان کے تحفظ کا عہد کرنا ہوگا بلکہ اس حوالے سے آگاہی میں بڑھ چڑھ کر حصہ لینا ہوگا۔

شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میرا اپنے ملک کی باصلاحیت خواتین سے آج کے دن کی نسبت سے یہ وعدہ ہے کہ ہماری حکومت خواتین کے منصفانہ حقوق، ان کے تحفظ اور ان کو یکساں تعلیم و ترقی کے مواقع فراہم کرنے کیلئے اقدامات اٹھاتی رہے گی، آپ ملک و قوم کا فخر ہیں اور پاکستان کو ترقی کی منازل طے کرنے کیلئے آپ کی صلاحیتوں اور خدمات کی ضرورت ہے۔

install suchtv android app on google app store