صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے لبنان میں حالیہ جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے اور امن کی بحالی کی جانب ایک اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ صدرِ پاکستان آصف زرداری نے مغربی ایشیاء میں مستقل امن کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکا اور ایران کے درمیان جاری 2 ہفتوں کی جنگ بندی میں لبنان میں تحمل کا مظاہرہ بھی شامل تھا۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان علاقائی استحکام کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پائیدار امن صرف مکالمے، خود مختاری کے باہمی احترام اور بین الاقوامی قوانین کی پاسداری سے ہی ممکن ہے۔
صدر زرداری کا زور دیتے ہوئے کہنا ہے کہ جنگ بندی دیرپا امن کے لیے ایک اہم موقع فراہم کرتی ہے تاہم حقیقی استحکام کے لیے تنازعات کی بنیادی وجوہات کا حل ناگزیر ہے۔
انہوں نے لبنان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے لیے پاکستان کی مستقل حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خطے اور عالمی شراکت داروں کے ساتھ فعال رابطے میں ہے۔