تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے: شاہ محمود قریشی

شاہ محمود قریشی فائل فوٹو شاہ محمود قریشی

تحریک انصاف کے سینئر نائب صدر اور سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے۔

سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا ملتان میں پریس کانفرنس کے دوران کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن ذمہ داریاں نبھانے میں ناکام دکھائی دے رہا ہے، الیکشن کے نام پر ڈرامہ دیکھ رہا ہوں، تحریک انصاف کو دیوار سے لگانے کی پوری کوشش کی جا رہی ہے، جھوٹے مقدمات درج اور چھاپے مارے جا رہے ہیں۔ہمارے لوگوں پر دباو ڈالا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ گزشتہ رات اچانک نیا مراسلہ جاری کیا گیا، جس کے سامنے پیش ہونا تھا، اسے تبدیل کر دیا گیا۔ ریٹرننگ افسر کا تبادلہ آج تک نہیں سنا، بہت اونچ نیچج دیکھی، ایسا نظام پہلے کبھی نہیں دیکھا۔ الیکشن شیڈول جاری ہو جائے تو آر او تبدیل نہیں ہوتا،عوام نے نتائج قبول نہ کئے تو الیکشن بے کار ہو جائیں گے۔

واضح رہے کہ شاہ محمود قریشی نے این اے 156 میں ضمنی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کروا دیئے ہیں، ریٹرننگ افسر نے کاغذات نامزدگی شاہ محمود قریشی سے وصول کئے، مذکورہ نشست شاہ محمود کے استعفی کے بعد خالی ہوئی تھی۔

install suchtv android app on google app store