حکومت نے آل پارٹیز کانفرنس ایک بار پھر مؤخر کردی

آل پارٹیز کانفرنس فائل فوٹو آل پارٹیز کانفرنس

حکومت کی جانب سے ایک بار پھر آل پارٹیز کانفرنس ( اے پی سی) ملتوی کرنے کا بیان سامنے آیا ہے۔

ترکیہ اور شام میں زلزے سے ہونے والی بدترین تباہی پر اظہارِ افسوس اور یکجہتی کے لیے وزیراعظم شہباز شریف ترکیہ کا دورہ کردیں گے جس کے باعث حکومت نے کثیر الجماعتی کانفرنس مؤخر کردی۔

یہ بھی پڑھیں: ترکیہ اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 4300 سے تجاوز کرگئی

وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری بیان میں بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف کل صبح انقرہ روانہ ہوں گے، وہ صدر رجب طیب اردوان سے زلزلے کی تباہی، جانی نقصان پر افسوس اور تعزیت،ترکیہ کے عوام سے یکجہتی کریں گے۔

ساتھ ہی انہوں نے اعلان کیا کہ وزیراعظم کے دورہ ترکیہ کی وجہ سے جمعرات 9 فروری کو بلائی گئی اے پی سی مؤخر کی جا رہی ہے، اتحادیوں کی مشاورت سے نئی تاریخ کا اعلان ہوگا۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ بروز پیر 30 جنوری کو پشاور میں پولیس لائنز کی مسجد میں خود کش حملے میں 102 افراد شہید اور 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے تھے جس کے بعد دہشت گردی سمیت اہم قومی اہمیت کے مسائل و معاملات پر غور و خوض اور اتفاق رائے کے لیے آل پارٹیز کانفرنس طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے ملکی سیاسی منظر نامے پر بڑی سیاسی پیش رفت کا اعلان کرتے ہوئے تمام قومی سیاسی قائدین کو ایک میز پر لانے کا بڑا فیصلہ کیا تھا، کانفرنس میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان سمیت تمام قومی سیاسی جماعتوں کی قیادت کو مدعو کیا تھا۔

ایک روز قبل ہی کانفرنس کی تاریخ 7 فروری سے تبدیل کر کے 9 فروری کی گئی تھی جسے اب مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔

install suchtv android app on google app store