اسلام آباد کے ایف نائن پارک میں گزشتہ روز لڑکی سے مبینہ زیادتی کے ہولناک واقعے میں ملوث مرکزی ملزم کا اسکیچ (خاکہ) تیار کر لیا گیا۔
اسلام آباد پولیس نے لڑکی سے مبینہ زیادتی کے مرکزی ملزم کا خاکہ تیار کر کے تمام تھانوں کو ارسال کر دیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی عمر تقریباً 35 سال ہے، رنگ سانولہ اور قد5 فٹ 10انچ ہے، اسکیچ 80 فیصد ملزم سے مشابہت رکھتا ہے۔
اسلام آباد پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم کی گرفتاری کے لیے مشکوک افراد کی چیکنگ کا سلسلہ جاری ہے۔
پولیس نے تھانہ مارگلہ میں زیادتی کی دفعہ کے تحت مقدمہ درج کر کے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ذرائع کے مطابق میاں چنوں سے تعلق رکھنے والی متاثرہ خاتون کا پمز اسپتال میں میڈیکل کرا کر سیمپل فارنزک لیبارٹری ارسال کردیا گیا ہے۔
درج مقدمہ میں کہا گیا ہے کہ میاں چنوں سے تعلق رکھنے والی لڑکی پراپرٹی کا کام کرتی ہے جو اپنے آفس کولیگ کے ساتھ ایف نائن پارک میں موجود تھی، جہاں دو نامعلوم مسلح ملزمان نے آکر تلاشی لینا شروع کر دی۔
ایف آئی آر کے مطابق تلاشی کے بعد دونوں ملزمان مدعیہ اور اس کے ساتھی کو جنگل کی طرف لے گئے، جنگل پہنچتے ہی ملزمان نے ساتھی کو الگ کر دیا اور مدعیہ کو زیادتی کا نشانہ بنایا۔
پولیس کو دئے گئے بیان میں متاثرہ لڑکی نے بتایا کہ دو ملزمان نے زیادتی کی، زیادتی کے بعد کپڑے دور پھینک دیے تاکہ وہ بھاگ نہ سکے، ملزمان نے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد کہا شام کے وقت پارک نہ آیا کرو۔