باجوہ صاحب نے اعتراف کیا عمران خان جیسا بلنڈر ہم سے ہوا: مریم نواز

مریم نواز فائل فوٹو مریم نواز

مسلم لیگ(ن) کی سینئر نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ باجوہ صاحب جب ریٹائر ہوئے تو انہوں نے لوگوں سے کہا کہ میں مانتا ہوں کہ ہم سے عمران خان جیسا بلنڈر ہوا ہے، یہ پاکستان کے 75سالوں میں تاریخ کا سب سے بڑا بلنڈر تھا لہٰذا صرف بلنڈر کرنے کا اعتراف کافی نہیں بلکہ اس فتنے کو اٹھا کر سیاست سے باہر پھینکنا پڑے گا۔

ملتان میں مسلم لیگ (ن) کے تنظیمی کنونشن سے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ سب کو پتہ ہے مہنگائی کس کی عطا کی ہوئی ہے، نواز شریف اجڑا ہوا پاکستان ملا تھا، اس کے باوجود 2013 سے 2017 تک نہ بجلی اور نہ آٹے کی قیمت بڑھی۔

مریم نواز نے کہا کہ آئی ایم ایف کی بات سنیں تو مہنگائی ہوتی ہے، آئی ایم ایف کی بات نہ سنیں تو ملک دیوالیہ ہوجاتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان کا جیل بھرو تحریک شروع کرنے کا اعلان

انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چئیرمین عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ گھڑی چور نے پاکستان میں تباہی مچائی ہے، اس گھڑی چور کو سیاست سے اٹھا کر باہر پھینکنا پڑے گا۔

مریم نواز نے کہا کہ اب یہی سانپ 5 کے ٹولے کو ڈس رہا ہے، وہ اس کا اور یہ ان کا گریبان پکڑ رہا ہے، یہ ملک کو بھی ڈس کر چلے گئے، پانچ کے ٹولے نے اپنے گھروں کی معیشت تو ٹھیک کر لی مگر ملک کی معیشت کا بیڑہ غرق کردیا۔

یہ بھی پڑھیں: جیل بھرو تحریک شروع کریں، آپ کا علاج میں کروں گا: رانا ثناءاللہ

انہوں نے دعویٰ کیا کہ ن لیگ اگر ملک کو مشکلات سے نہیں نکال سکتی تو کوئی جماعت ایسا نہیں کرسکتی۔

ن لیگ کی سینئیر نائب صدر نے کہا کہ یہ پہلی بار بے فیض ہوئے ہیں، ان کو سمجھ نہیں آرہی ہے کہ کیا کریں کیونکہ یہ بیساکھیوں پر سیاست کرتے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: عمران خان جیل بھرو تحریک چلانے سے پہلے ضمانت کی درخواستیں واپس لیں: پلوشہ خان

مریم کا کہنا تھا کہ نواز جیل چلا گیا کسی نے روتے دیکھا؟ انہوں نے سینہ تان کر جبر کا سامنا کیا کسی نے روتے دیکھا؟ بیٹی کو باپ کے سامنے گرفتار کیا کسی نے نوازشریف کو روتے دیکھا؟ آج جب ان کی روتی شکلیں دیکھتی ہوں تو نوازشریف پر فخر ہوتا ہے۔

مریم نواز نے کہا کہ یہ پانچ پانچ دن کی جیلوں پر رو رہے ہیں، ہم پانچ پانچ سال سزائے موت کی چکیوں میں کاٹ کر آئے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ لوگوں کو کہتا ہے جیل بھرو اور خود زمان پارک کے بنکر میں چھپا بیٹھا ہے، گھر کے باہر خواتین کو بٹھا رکھا ہے کہ کہیں پولیس گرفتار نہ کرلے، جیل بھرو تحریک چلانی ہے تو اپنی ضمانتیں کینسل کراؤ۔ چار سال تک یہ جیب بھرو تحریک چلاتا رہا۔

install suchtv android app on google app store