کشمیر کی آزادی کا ہمارا اور سید علی گیلانی کا خواب بہت جلد پورا ہوگا: صدر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی فائل فوٹو صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا کہنا ہے کہ کشمیر کے حوالے سے ہم سے جو وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کیے گئے جبکہ کشمیر کی آزادی کا ہمارا اور سید علی گیلانی کا خواب بہت جلد پورا ہوگا۔

اسلام آباد میں حریت رہنما سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی جس میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے علاوہ چیئرمین سینیٹ، آزاد کشمیر کے صدر و وزیر اعظم اور دیگر نے شرکت کی۔

غائبانہ نماز جنازہ کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر عارف علوی نے کہا کہ 'سید علی گیلانی کا خواب کشمیر کی آزادی تھا، ہمارا بھی یہی خواب ہے جو جلد پورا ہوگا'۔

انہوں نے کہا کہ 'بھارت نے سید علی گیلانی کی میت کے ساتھ جو کچھ کیا اور جو وہ کشمیری مسلمانوں کے ساتھ کر رہا ہے اس سے وہ اپنے اندر آگ لگا رہا ہے، اس کا اقلیتوں کے ساتھ جو رویہ ہے وہ ایسے ہی ہے جیسا خوشونت سنگھ نے اپنی کتاب 'دی اینڈ آف انڈیا' میں لکھا تھا کہ بھارت کو باہر والوں کی ضرورت نہیں ہے، وہ ان حرکتوں کے ساتھ خود اپنے آپ کو تباہ کرے گا'۔

ان کا کہنا تھا کہ 'کشمیر کے حوالے سے فیصلہ کن گھڑی بہت پہلے آگئی تھی، جو ہم سے وعدے کیے گئے تھے وہ پورے نہیں کیے گئے، اقوام متحدہ کی ساکھ پر بھی بہت بڑا اثر اس بات کا ہے کہ پاکستان نے بھروسہ کیا، ورنہ پاکستان کشمیر کو آزاد کرا چکا ہوتا'۔

صدر مملکت نے کہا کہ 'اقوام متحدہ کے وعدے کی بنیاد پر کشمیر کی آزادی میں تاخیر ہوئی، جانیں ضائع ہوئیں، خواتین کو ریپ کا نشانہ بنایا گیا، نوجوانوں کو اندھا کیا گیا، کشمیریوں نے بہت ظلم برداشت کیا ہے لیکن اب اللہ کی مدد سے بہت جلد کشمیر آزاد ہوگا'۔

دوسری جانب منصورہ میں بھی کشمیر کی مزاحمتی تحریک کی علامت سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ ادا کی گئی۔

کراچی میں سید علی گیلانی کی غائبانہ نماز جنازہ امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن کی امامت میں جمعرات کی شام ساڑھے 5 بجے نیو ایم اے جناح روڈ پر ادا کی جائے گی۔

install suchtv android app on google app store