(ق) لیگ کے عبدالقدوس بزنجو نئے وزیراعلیٰ بلوچستان منتخب

 عبدالقدوس بزنجو فائل فوٹو عبدالقدوس بزنجو

بلوچستان اسمبلی نے مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو کو صوبے کا نیا وزیراعلیٰ منتخب کرلیا۔ عبدالقدوس بزنجو آج ہی وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

بلوچستان اسمبلی کا اجلاس اسپیکر راحیلہ درانی کی سربراہی میں شروع ہوا تو اجلاس کے آغاز میں قصور میں قتل ہونے والی کمسن زینب اور ایئرمارشل (ر) اصغر خان سمیت کوئٹہ دھماکے کے شہدا کے لیے فاتحہ خوانی کی گئی۔

اسمبلی اجلاس میں اسپیکر نے اراکین کو قائد ایوان کے انتخاب کا طریقہ کار بتایا جس کے بعد نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے رائے شماری کی گئی۔

اسمبلی میں عبدالقدوس بزنجو کے حمایتی ارکان کے لیے اے لابی اور لیاقت علی کے حمایتی اراکن کے لیے بی لابی بنائی گئی جب کہ صوبے کے نئے وزیراعلیٰ کا انتخاب شو آف ہینڈ کے ذریعے کیا گیا۔

یہ خبر بھی پڑھیں: اپوزیشن حکومت کا حصہ نہیں بنے گی: اپوزیشن لیڈر بلوچستان اسمبلی

اسمبلی میں اراکین نے مسلم لیگ (ق) کے عبدالقدوس بزنجو کو نیا قائد ایوان منتخب کیا، عبدالقدوس بزنجو آج ہی وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے۔

اسمبلی اجلاس سے کچھ دیر قبل ہی پشتونخوا میپ کے عبدالرحیم زیارتوال وزارت اعلیٰ کے دوسرے امیدوار سید لیاقت علی کے حق میں دستبردار ہوگئے جس کی تحریری درخواست انہوں نے سیکریٹری اسمبلی کو جمع کرائی۔

عبدالقدوس بزنجو

صوبے کے وزیراعلیٰ کے امیدوار عبدالقدوس بزنجو نے 2013 کے عام انتخابات میں صرف 544 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔

عبدالقدوس بزنجو یکم جنوی 1974 کو بلوچستان کے ضلع آواران کے گاوں شنڈی جھو میں پیدا ہوئے۔

انہوں نے پہلی بار 2002ء میں پرویز مشرف دور میں صوبائی حلقے پی بی 41 سے کامیابی حاصل کی۔ 2013ء کے عام انتخابات میں عبدالقدوس بزنجو نے مسلم لیگ (ق) کے ٹکٹ پر انتخاب لڑا اور پاکستان کی انتخابی تاریخ میں سب سے کم یعنی 544 ووٹ لے کر صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان کی سیاسی جماعتیں نئے قائد ایوان کے نام پر متفق

اس حلقے میں ڈالے گئے ووٹوں کا تناسب ایک اعشاریہ ایک 8 فی صد رہا۔ عبدالقدوس بزنجو 2013 سے 2015 تک صوبائی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر رہے جو بعد میں مستعفی ہو گئے۔

عبدالقدوس بزنجو تاریخ میں سب سے کم 544 ووٹ حاصل کرنے والے پہلے رکن اسمبلی ہیں جو ملک کے کسی صوبے کے وزیراعلیٰ بنے ہیں۔

سیکیورٹی انتظامات

دوسری جانب ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالرزاق چیمہ نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ کے انتخاب کے باعث اسمبلی آنے والے تمام راستے صبح 8 بجے سے بند رہیں گے۔

عبدالرزاق چیمہ نے مزید کہا کہ اہم اجلاس کے لیے اسمبلی کی سیکیورٹی پر پولیس کے 900 اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ فرنٹیئر کور کے اہلکار بھی سیکیورٹی پر مامور ہوں گے۔

ڈی آئی جی کوئٹہ نے بتایا کہ اسمبلی میں بغیر شناختی کوائف کے کسی کو بھی داخل ہونے کی اجازت نہیں ہو گی۔

مزید جانئیے: وزیراعلیٰ بلوچستان کے لئے قدوس بزنجو نے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے

خیال رہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نے اپنی ہی جماعت کے ناراض اراکین کی جانب سے تحریک عدم اعتماد پیش کیے جانے سے قبل ہی 9 جنوری کو وزارت اعلیٰ کے منصب سے استعفیٰ دے دیا تھا۔

ثناء اللہ زہری نے اپنا استعفیٰ گورنر بلوچستان خان محمد اچکزئی کو پیش کیا جسے منظور کرتے ہوئے انہوں نے نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے آج (13 جنوری) کو صوبائی اسمبلی کا اجلاس طلب کیا تھا۔

install suchtv android app on google app store