بلوچستان: قلات میں سکیورٹی فورسز کا آپریشن، 12 دہشتگرد ہلاک

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی فائل فوٹو سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کی

سکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع قلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر کارروائی کرتے ہوئے بھارت کی سرپرستی میں سرگرم 12 دہشتگردوں کو ہلاک کر دیا۔ پاک فوج کے شعبۂ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق 6 دسمبر کو کیے گئے اس آپریشن میں دہشتگردوں کے ٹھکانے کو مؤثر انداز میں نشانہ بنایا گیا۔

شدید فائرنگ کے تبادلے کے نتیجے میں 12 دہشتگرد مارے گئے جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ، گولہ بارود اور بارودی مواد برآمد ہوا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشتگرد علاقے میں متعدد تخریبی کارروائیوں میں ملوث تھے۔ مزید کسی بھی دہشتگرد کے خاتمے کے لیے کلیئرنس آپریشن جاری ہے۔

ادارے نے کہا کہ عزمِ استحکام کے تحت سکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارروائیاں اس مقصد کے لیے جاری رہیں گی کہ بیرونی حمایت یافتہ دہشتگردی کا مکمل خاتمہ کیا جا سکے۔

وزیراعظم شہباز شریف اور وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے قلات میں دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کارروائی پر سکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین پیش کیا۔

وزیراعظم نے کہا کہ عزمِ استحکام کے وژن کے مطابق فورسز دہشتگردی کے خلاف نمایاں کامیابیاں حاصل کر رہی ہیں اور پوری قوم اس جدوجہد میں افواج پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے۔

وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں دہشتگردوں کو کہیں پناہ نہیں لینے دی جائے گی اور قوم ان کے خاتمے کے لیے فورسز کے شانہ بشانہ ہے۔

دوسری جانب، بلوچستان حکومت کے ترجمان شاہد رند نے بتایا کہ صوبے میں گزشتہ 48 گھنٹوں میں دو اہم پیشرفت ہوئی ہیں۔ ڈیرہ بگٹی میں تقریباً 100 دہشتگردوں اور فراری کمانڈرز نے ریاست کے سامنے ہتھیار ڈال دیے، جبکہ قلات میں 12 دہشتگرد مارے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ ریاست اور اس کے ادارے بلوچستان میں واضح پالیسی کے ساتھ آگے بڑھ رہے ہیں۔ ماضی میں دہشتگردی میں ملوث افراد کو ہتھیار چھوڑنے کا موقع دیا جا رہا ہے، تاہم اگر کوئی بندوق کے ذریعے بات کرنا چاہے گا تو ریاست بھی اسی انداز میں جواب دے گی۔

install suchtv android app on google app store