وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ فیلڈ مارشل پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے کسی بھی قسم کی بات چیت نہیں ہوگی۔ وزیر داخلہ نے کیڈٹ کالج وانا کا دورہ کیا جہاں انہوں نے قبائلی عمائدین سے ملاقات کی۔ اس موقع پر کیڈٹ کالج وانا میں وزیر داخلہ کو خوارج کے حملے کو ناکام بنانے والے آپریشن پر بریفنگ دی گئی۔
محسن نقوی نے کہا کہ کوئی مذہب بچوں کو نشانہ بنانے کی اجازت نہیں دیتا، اور کالج پر حملہ کرنے والے درندوں کا کوئی مذہب نہیں ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ فیلڈ مارشل کی ہدایت کے مطابق کیڈٹ کالج وانا کی تزئین و آرائش بہترین انداز میں کی جائے گی۔
محسن نقوی کا کہنا تھا کہ کہ پاکستان میں دہشتگردی بیرون ملک سے ہو رہی ہے، کسی کو امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، فیلڈ مارشل کہہ چکے ہیں کہ دہشتگردوں سے بات نہیں ہوگی۔
اس دوران قبائلی عمائدین نے بچوں کو محفوظ رکھنے کے لیے فیلڈ مارشل اور پاک فوج کے جوانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگرد اسلام سے خارج ہیں، ان کا انسانیت سے بھی کوئی تعلق نہیں۔