کدو کے بیج بالوں کی صحت کے لیے کیسے مفید ثابت ہوسکتے ہیں؟ جانیے ماہرین کی رائے

کدو کے بیج بالوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں فائل فوٹو کدو کے بیج بالوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں

روزمرہ خوراک میں شامل ایک عام چیز یعنی کدو کے بیج بالوں کی صحت کے لیے مفید ثابت ہوسکتے ہیں۔

کدو اگرچہ اپنی غذائی خصوصیات کے باعث پہلے ہی صحت بخش سبزی تصور کیا جاتا ہے، تاہم اس کے بیج بھی غذائی اجزا سے بھرپور ہوتے ہیں۔ ماہرین کے مطابق کدو کے بیج بالوں کی نشوونما میں معاونت کرسکتے ہیں اور انہیں مضبوط بنانے میں کردار ادا کرتے ہیں۔

ایک رپورٹ کے مطابق کدو کے بیج وٹامن اے، بی اور سی کے علاوہ میگنیشیم، فاسفورس، آئرن اور کاپر جیسے اہم مائیکرونیوٹرینٹس کا اچھا ذریعہ ہیں۔ یہی غذائی اجزا بالوں اور کھوپڑی کی صحت کے لیے مختلف انداز میں فائدہ مند ہوسکتے ہیں۔

کدو کے بیجوں میں موجود اومیگا تھری فیٹی ایسڈ بالوں کی ساخت کو مضبوط بنانے اور ان کی نشوونما میں معاونت کرسکتا ہے۔ اس کے علاوہ یہ بیج بالوں کو زیادہ مضبوط اور لچکدار بنانے میں بھی کردار ادا کرتے ہیں، جس سے بالوں کی مجموعی صحت بہتر رہ سکتی ہے۔

کدو کے بیجوں میں پائے جانے والے بعض فائٹو کیمیکل مرکبات ڈائی ہائیڈروٹیسٹوسٹیرون یعنی ڈی ایچ ٹی کی پیداوار کو روکنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ ڈی ایچ ٹی ایک ہارمون ہے جسے بعض اقسام کے بالوں کے جھڑنے سے جوڑا جاتا ہے، اسی لیے کدو کے بیج بالوں کے گرنے کے مسئلے میں ممکنہ طور پر معاون سمجھے جاتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق بالوں کی بہتر نشوونما کے لیے صرف بالوں کی دیکھ بھال کافی نہیں بلکہ کھوپڑی کا صحت مند ہونا بھی ضروری ہے۔ ڈاکٹر پنچال کے مطابق کدو کے بیج وٹامن ای جیسے اینٹی آکسیڈنٹس سے بھرپور ہوتے ہیں، جو کھوپڑی کی صحت برقرار رکھنے میں مددگار ہوسکتے ہیں۔

روزمرہ خوراک میں کیسے شامل کریں؟

کدو کے بیجوں کو معمول کی خوراک کا حصہ بنانا نسبتاً آسان ہے۔ انہیں ناشتے میں براہِ راست کھایا جاسکتا ہے اور روزانہ کی غذا میں مختلف انداز سے شامل کیا جاسکتا ہے۔ تاہم کسی بھی غذائی چیز کو ضرورت سے زیادہ استعمال کرنے کے بجائے متوازن مقدار میں لینا بہتر ہے۔

کدو کے بیجوں سے ہیئر ماسک بھی تیار کیا جاسکتا ہے، جسے بالوں کی نگہداشت کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے۔ یوں کدو کے بیج خوراک کے ساتھ ساتھ بالوں کی بیرونی دیکھ بھال میں بھی جگہ بنا سکتے ہیں۔

خیال رہے کہ مسلسل یا غیر معمولی جھڑنے کی صورت میں صرف گھریلو نسخوں پر انحصار کرنے کے بجائے ماہرِ جلد سے مشورہ کرنا زیادہ مناسب ہے، کیونکہ بالوں کے گرنے کی مختلف طبی وجوہات ہوسکتی ہیں۔

install suchtv android app on google app store