چکن جسے ایک صحت بخش غذا سمجھا جاتا ہے اسکے بارے میں سائنسی تحقیق نے ہوشربا انکشافات کیے ہیں۔
چکن کو عموماً سرخ گوشت کے مقابلے میں بہتر اور ہلکی پروٹین سمجھا جاتا ہےتاہم حالیہ تحقیق کے مطابق اس کا ضرورت سے زیادہ استعمال صحت پر منفی اثرات ڈال سکتا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ کسی بھی غذا کی طرح چکن کا بھی حد سے زیادہ ا ستعمال مسائل کا سبب بن سکتا ہے۔
اطالوی سائنسدانوں کی جانب سے کی گئی یہ تحقیق معروف سائنسی جریدے نیوٹریئنٹس میں شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ چکن کے زیادہ استعمال سے پیٹ کے مختلف امراض اور دیگر خطرناک بیماریاں جنم لے سکتی ہیں۔
ماہرین کے مطابق وزن کم کرنے یا فٹنس بہتر بنانے کے خواہشمند افراد اکثر روزمرہ خوراک میں چکن کی مقدار بڑھا لیتے ہیں لیکن یہ عادت فائدے کے بجائے نقصان دہ ثابت ہو سکتی ہے۔ تحقیق میں واضح کیا گیا ہے کہ پروٹین کے مختلف ذرائع جیسے دالیں، سبزیاں اور دیگر غذائیں بھی خوراک کا حصہ ہونی چاہئیں۔