ماہرین صحت کے مطابق زیادہ وقت بیٹھ کر گزارنا دل کی بیماریوں کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے۔
حالیہ تحقیق میں گلوبل برڈن آف ڈیزیز کے ڈیٹا کا تجزیہ کیا گیا۔ جس میں دنیا بھر کے افراد کی جسمانی سرگرمیوں اور دیگر عوامل کا جائزہ لیا گیا۔
تحقیق میں یہ بات سامنے آئی کہ جسمانی طور پر سرگرم رہنے سے دل کی صحت بہتر رہتی ہے۔ جبکہ زیادہ وقت بیٹھنے سے ہر سال امراض قلب سے اموات کی شرح میں 0.70 فیصد اضافہ ہوا۔
تحقیق کے دوران محققین نے ہزاروں افراد کے ڈیٹا کا موازنہ جسمانی طور پر سرگرم اور غیر سرگرم افراد سے کیا۔ جس سے واضح ہوا کہ جسمانی سرگرمی رکھنے والے افراد میں ہارٹ اٹیک کا خطرہ زیادہ وقت بیٹھنے والوں کے مقابلے میں 83 فیصد تک کم ہوتا ہے۔
محققین کا کہنا ہے کہ ڈیٹا سے یہ پیغام ملتا ہے کہ جسمانی سرگرمیوں سے دوری دنیا بھر میں دل کی بیماریوں کے بوجھ کو بڑھا رہی ہے۔ اور اس کا حل بہت آسان ہے کہ بس اپنے جسم کو متحرک رکھیں۔