نہار منہ گرم پانی میں لیموں کا عرق ملا کر پینے کے حیران کن فوائد

لیموں پانی کے فوائد فائل فوٹو لیموں پانی کے فوائد

متعدد افراد لیموں کے عرق اور گرم پانی پر مشتمل مشروب کو پی کر دن کا آغاز کرتے ہیں۔ان کا ماننا ہوتا ہے کہ یہ مشروب صحت کے لیے بہت زیادہ مفید ہوتا ہے۔مگر کیا یہ واقعی درست ہے؟

اس کا جواب ہاں ہے اور اسے روزانہ پینے سے ڈی ہائیڈریشن سے تحفظ ملتا ہے، نظام ہاضمہ کو فائدہ ہوتا ہے، جسمانی توانائی کی سطح بڑھتی ہے جبکہ تناؤ گھٹ جاتا ہے۔

جسم میں پانی کی کمی سے تحفظ

دن بھر پانی پینے سے جسم کو ڈی ہائیڈریشن سے بچانے میں مدد ملتی ہے۔

پانی جسم کے ہر نظام بشمول دماغ، دل اور جوڑوں کے لیے ضروری ہوتا ہے۔

پانی دماغی افعال کی معاونت کرتے ہوئے زہریلے مواد کو خارج کرتا ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ جسم میں پانی کی کمی سے ڈپریشن کا خطرہ بڑھ جاتا ہے۔

تو دن کا آغاز گرم پانی میں لیموں کو شامل کرکے کرنے سے ڈی ہائیڈریشن سے بچنے میں مدد ملتی ہے۔

معدے کی صحت بہتر ہوتی ہے

جسم میں پانی کی مناسب مقدار سے نظام ہاضمہ کی صحت بھی بہتر ہوتی ہے جبکہ قبض سے متاثر ہونے کا خطرہ گھٹ جاتا ہے۔

گرم مشروب سے معدے کے افعال بہتر ہوتے ہیں اور آنتوں کی صحت مند حرکت کو معاونت ملتی ہے۔

لیموں میں پوٹاشیم نامی منرل موجود ہوتا ہے جو پیٹ پھولنے کے مسئلے سے تحفظ فراہم کرتا ہے۔

لیموں کے عرق میں موجود سیٹرک ایسڈ ہاضمے کے لیے ایسے سیال بننے کا عمل متحرک کرتا ہے جو کھانا ہضم کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

ناشتے سے قبل پانی پینے سے غذائی نالی کو سکون ملتا ہے اور کھانا آسانی سے ہضم ہو جاتا ہے۔

جسمانی توانائی بڑھتی ہے

ہر صبح لیموں اور گرم پانی پر مبنی یہ مشروب پینے سے دن بھر جسمانی توانائی کی سطح میں اضافہ ہوتا ہے۔

جسم میں پانی کی مناسب مقدار توانائی اور مزاج کو مستحکم رکھنے کے لیے ضروری ہے جبکہ ڈی ہائیڈریشن سے تھکاوٹ اور نقاہت بڑھتی ہے۔

لیموں کے عرق میں وٹامن سی موجود ہوتا ہے جو آئرن جذب ہونے کا عمل بڑھاتا ہے۔

آئرن ایسا عمل ہے جو جسمانی خلیات اور ٹشوز میں آکسیجن پہنچانے کا کام کرتا ہے اور اس کی کمی سے تھکاوٹ کا سامنا ہوتا ہے۔

لیموں سے بی وٹامنز بھی جسم کو ملتے ہیں جس سے بھی جسمانی توانائی بہتر ہوتی ہے۔

جسمانی وزن کو کنٹرول کرنا ممکن

دن کا آغاز لیموں ملے گرم پانی سے گرنے سے جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد مل سکتی ہے۔

تحقیقی رپورٹس میں بتایا گیا کہ جسم میں پانی کی مناسب مقدار جسمانی وزن میں کمی لانے اور جسمانی چربی گھٹانے میں مدد فراہم کرتی ہے۔

کھانے سے قبل پانی پینے سے کم بھوک محسوس ہوتی ہے اور لوگ کم کیلوریز کو جزو بدن بناتے ہیں۔

لیموں میں موجود مرکبات بلڈ شوگر کی سطح کو ریگولیٹ کرتے ہیں اور کھانے کی اشتہا کنٹرول کرتے ہیں۔

مزاج پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں

لیموں ملے گرم پانی کا استعمال دماغی صحت کو بھی بہتر بنا سکتا ہے کیونکہ جسم میں پانی کی مناسب مقدار دماغی صحت اور مزاج کو معاونت فراہم کرتی ہے۔

ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ دن بھر پانی پینے سے یادداشت بہتر ہوتی ہے جبکہ مزاج خوشگوار ہوتا ہے۔

لیموں کے عرق میں موجود وٹامن سی بھی مزاج کو خوشگوار بناتا ہے۔

گردوں کی پتھری کا خطرہ کم ہوسکتا ہے

لیموں کے عرق ملے پانی کو روز پینے سے گردوں کی پتھری سے متاثر ہونے کا خطرہ بھی کم ہوسکتا ہے۔

لیموں میں موجود سیٹرک ایسڈ گردوں میں کیلشیئم کے اجتماع کی روک تھام کرتا ہے جس سے پتھری کا خطرہ کم ہوتا ہے۔

جِلد کی صحت کے لیے بھی مفید

اس مشروب کا استعمال جِلد کے لیے بھی مفید ثابت ہوسکتا ہے۔

لیموں وٹامن سی سے بھرپور ہوتا ہے اور یہ جسم میں جاکر اینٹی آکسائیڈنٹ کے طور پر کام کرتا ہے۔

وٹامن سی سے جسمانی ورم میں کمی آتی ہے جبکہ کولیگن نامی پروٹین بننے کا عمل متحرک ہوتا ہے جو جِلد کو لچک فراہم کرتا ہے۔

 

install suchtv android app on google app store