پاکستان میں اسموگ ایک سالانہ ماحولیاتی مسئلہ بن چکا ہے۔
ہر سال لاکھوں افراد کی صحت اسموگ سے متاثر ہورہی ہے۔ ماہرین کے مطابق، اسموگ کے اثرات سے بچنے کے لیے چند آسان اور مؤثر اقدامات کیے جا سکتے ہیں جو آپ کو صحت مند رکھ سکتے ہیں۔
ماہرین نے اسموگ سے بچاؤ کے لیے درج ذیل احتیاطی تدابیر تجویز کی ہیں
پانی کا استعمال بڑھائیں:
دن بھر میں تھوڑی تھوڑی مقدار میں پانی پینا ضروری ہے۔ اور بہتر ہے کہ پانی کا درجہ حرارت کمرے کے عام درجہ حرارت کے برابر ہو۔ یعنی نہ زیادہ ٹھنڈا ہو اور نہ زیادہ گرم۔
گرم مشروبات کا استعمال:
چائے، کافی یا قہوہ جیسے گرم مشروبات کی مقدار بڑھانا اسموگ مددگار ثابت ہو سکتا ہے۔ یہ نہ صرف جسم کو گرم رکھتے ہیں بلکہ سانس کی نالیوں کو بھی صاف رکھتے ہیں۔
ناشتہ کرنا ضروری ہے:
گھر سے باہر نکلنے سے پہلے ناشتہ کرنا ضروری ہے۔ کیونکہ یہ مدافعتی نظام کو مضبوط بناتا ہے اور آپ کو دن بھر توانائی فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح، 7 سے 8 گھنٹے تک بھوکا رہنا صحت کے لیے نقصان دہ ہو سکتا ہے۔
گھر سے باہر نکلتے وقت احتیاطی تدابیر:
باہر نکلتے وقت خود کو اچھی طرح ڈھانپنا ضروری ہے۔ اگر دفتر جا رہے ہیں تو وہاں پہنچ کر وضو کریں تاکہ اسموگ کے اثرات ناک اور حلق سے صاف ہو جائیں۔ دفتر سے گھر واپس آ کر فوراً نہائیں اور بھاپ لیں تاکہ آپ کا جسم صاف اور تازہ رہے۔
رات کے وقت مشروبات کا خیال رکھیں:
رات کو سونے سے پہلے ٹھنڈا جوس، پانی یا دودھ پینے سے گریز کریں۔ اگر مشروب پینا ضروری ہو تو اسے کمرے کے درجہ حرارت کے برابر یا گرم پینے کی کوشش کریں۔ تاکہ آپ کی صحت پر اسموگ کے اثرات کم ہوں۔