شادی کرنا آپ کو کن بیماریوں سے بچا سکتا ہے؟ جانیے

اگر آپ شادی سے خوش ہیں تو اس سے موٹاپے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے فائل فوٹو اگر آپ شادی سے خوش ہیں تو اس سے موٹاپے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے

شادی کے بارے میں کہا جاتا ہے کہ یہ ایسا لڈو ہے جو کھائے وہ پچھتائے اور جو نہ کھائے وہ بھی پچھتائے۔ البتہ اگر آپ شادی سے خوش ہیں تو اس سے موٹاپے سے بچنے میں مدد مل سکتی ہے۔

یہ دعویٰ امریکا میں ہونے والی ایک طبی تحقیق میں سامنے آیا۔

کیلیفورنیا یونیورسٹی کی تحقیق میں بتایا گیا کہ شریک حیات سے مضبوط تعلق دماغ اور معدے کے درمیان موجود رابطوں کے پیچیدہ نظام پر اثرانداز ہوکر موٹاپے سے تحفظ فراہم کرسکتا ہے۔

یہ اپنی نوعیت کی پہلی تحقیق ہے جس میں ثابت کیا گیا کہ سماجی تعلق کس طرح جسمانی وزن اور غذائی رویوں پر اثرانداز ہوتا ہے۔

درحقیقت محققین کے مطابق جسمانی صحت کے لیے ورزش اور غذا سمیت پیاروں سے رشتے کا معیار بھی اہم ہوتا ہے۔

اس تحقیق میں 100 افراد کو شامل کیا گیا اور ان کے جسمانی وزن، ازدواجی حیثیت، عمر، جنس، غذائی عادات، سماجی و معاشی حیثیت وغیرہ کا ڈیٹا حاصل کیا گیا۔

ان افراد کے متعدد ٹیسٹ بھی کیے گئے جیسے کھانے کی تصاویر دکھا کر برین امیجنگ ٹیسٹ، فضلے کے نمونے اور بلڈ ٹیسٹ وغیرہ سے بھی ان کی جسمانی صحت کو جانچا گیا۔

تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ شریک حیات سے مضبوط تعلق قائم کرنے والے افراد کا جسمانی وزن کم ہوتا ہے جبکہ ان کی غذائی عادات بھی صحت کے لیے مفید ہوتی ہیں۔

تحقیق میں یہ بھی دریافت کیا گیا کہ شریک حیات سے مضبوط تعلق سے معدے کے میٹابولزم میں بھی نمایاں تبدیلیاں آتی ہیں۔

ایسے افراد کے معدے میں ان مرکبات کی سطح بڑھ جاتی ہے جو ایسے بیکٹیریا کی نشوونما کرتے ہیں جو ورم کی روک تھام کرتے ہیں، مدافعتی افعال میں مدد فراہم کرتے ہیں، جسمانی توانائی اور دماغی صحت کو متوازن رکھتے ہیں۔

یہ بیکٹیریا مزاج، سماجی رویوں اور میٹابولزم سے جڑے مرکبات کی تیاری کے عمل کا حصہ بھی ہوتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق ایک ہارمون آکسی ٹوسین ایک پیغام بر کا کام کرکے صحت کے لیے مفید تبدیلیوں میں کردار ادا کرتا ہے۔

محققین نے بتایا کہ نتائج سے عندیہ ملتا ہے کہ شریک حیات سے مثبت اور مستحکم تعلق سے مجموعی صحت کو فائدہ ہوتا ہے اور جسمانی وزن کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے۔

اس تحقیق کے نتائج جرنل Gut Microbes میں شائع ہوئے۔

install suchtv android app on google app store