سردیوں کے موسم میں بازار مختلف موسمی پھل اور سبزیاں سے بھر جاتے ہیں، اور ان ہی میں سے ایک سنگھارا بھی ہے۔ یہ کرکرا اور ہلکا میٹھا پھل صرف ذائقے میں خوشگوار نہیں بلکہ غذائیت سے بھرپور بھی ہے، اور وزن کم کرنے کے خواہش مند افراد کے لیے بہترین انتخاب ثابت ہو سکتا ہے۔
سنگھارا جسے عام زبان میں واٹر چیسٹ نٹ بھی کہا جاتا ہے کیلوریز میں کم، فائبر میں زیادہ اور دیر تک بھوک مٹانے والا پھل ہے، جس سے وزن کم کرنے کے لیے مدد ملتی ہے۔
سب سے اچھی بات یہ ہے کہ اسے گھر پر آسانی سے مختلف کھانوں میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔
سنگھارا کو اپنی خوراک میں شامل کرنے کے آسان طریقے
بھنا ہوا سنگھارا
سنگھارا کو اس کی اصل شکل میں بھون کر ہلکا سا نمک اور کالی مرچ چھڑکیں، یہ ایک کرکرا اورخوش ذائقہ اسنیک بن جاتا ہے جو دوپہر میں بھوک مٹانے کے لیے بہترین ہے۔
آپ چاہیں تو اسے لیموں کے رس یا چٹنی کے ساتھ بھی پیش کر سکتے ہیں تاکہ ذائقہ اور مزید بڑھ جائے۔ بھنے ہوئے سنگھارا میں فائبر زیادہ ہوتا ہے، جو دیر تک پیٹ بھرا رکھنے میں مدد دیتا ہے۔
سنگھارا آٹے کی روٹیاں
عام گندم کے آٹے کی جگہ سنگھارا کا آٹا استعمال کریں اور نرم، گلوٹین فری روٹیاں بنائیں۔ سبزیوں کے سالن کے ساتھ یہ وزن کے لیے بہترین انتخاب ہیں۔
سنگھارا آٹا ہلکا اور ہاضمے میں آسان ہوتا ہے، اس لیے یہ بچوں اور بزرگوں دونوں کے لیے محفوظ اور فائدہ مند ہے۔ آپ اسے سادہ سالن یا دال کے ساتھ بھی کھا سکتے ہیں۔
سنگھارا کی ٹِکی
سنگھارا آٹے کو ابلے ہوئے آلو اور مصالحوں کے ساتھ ملا کر ٹکی بنائیں۔ اسے ہلکے سے تیل میں فرائی کریں، باہر سے کرکرا اور اندر سے نرم، صحت مند سنیک کے طور پر لطف اندوز ہوں۔
یہ صحت مند سنیک بچوں کے لنچ باکس یا شام کے ہلکے کھانے کے لیے بہترین ہیں۔ چاہیں تو اس میں ہری سبزیاں یا ہلکی چٹنی بھی ملا کر غذائیت اور ذائقہ دونوں بڑھایا جا سکتا ہے۔
سبزیوں کے سالن میں سنگھارا
ابلا ہوا سنگھارا سالن میں ڈالیں تاکہ غذائیت میں اضافہ ہو۔ ہلکے ذائقے کی وجہ سے مصالحوں کے ساتھ آسانی سے گھل جاتا ہے۔
سبزیوں کے سالن میں سنگھارا ڈالنے سے پروٹین اور فائبر بھی بڑھتا ہے، جو وزن کم کرنے کے لیے مفید ہے۔
میٹھے میں استعمال
سنگھارا آٹے کو حلوا یا پین کیکس میں استعمال کریں۔ یہ میٹھا ہلکا، مزیدار اور ڈائٹ کے لیے مناسب رہتا ہے۔ آپ چاہیں تو اس میں کم چینی یا قدرتی مٹھاس کے طور پر شہد ملا کر صحت مند میٹھا تیار کر سکتے ہیں۔
سنگھارا نہ صرف غذائیت سے بھرپور ہے بلکہ وزن کم کرنے میں بھی مددگار ہے۔ چاہے اسنیک کے طور پر کھائیں، سالن میں شامل کریں یا میٹھا بنائیں، یہ آپ کی خوراک میں آسانی سے فٹ ہو جاتا ہے۔