سردیوں کا موسم خوبصورت ہونے کے ساتھ ساتھ صحت کے کئی مسائل بھی لے کر آتا ہے۔ عام سردی، کھانسی یا بخار کے علاوہ ایک مسئلہ بہت سے لوگوں کے لیے تکلیف دہ ثابت ہوتا ہے، وہ ہے ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں سرخ اور سوجی ہوئی ہونا، اور شدید خارش۔
یہ مسئلہ ہر سال کئی افراد کو متاثر کرتا ہے، مگر زیادہ تر لوگ اس کا حل نہیں جانتے۔ خاص طور پر خواتین جو سرد پانی میں زیادہ کام کرتی ہیں، انہیں اس کی شکایت زیادہ رہتی ہے۔۔
ماہر غذائیت لوویلین کاؤر کے مطابق جب جسم اچانک ٹھنڈے ماحول سے گرم ماحول میں منتقل ہوتا ہے، تو ہاتھوں اور پیروں کی نسیلی رگیں سکڑنے کے بجائے پھیلنے لگتی ہیں۔
اس عمل سے رگوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور سوجن اور خارش جیسے علامات پیدا ہوتی ہیں۔
ماہر غذائیت کے مطابق، اگر آپ بھی سردیوں میں یہ مسئلہ محسوس کرتے ہیں تو یہ اقدامات مددگار ثابت ہو سکتے ہیں۔
رات میں گرم پانی سے دھوئیں
سونے سے پہلے ہاتھوں اور پیروں کی انگلیاں گرم پانی سے دھوئیں،
پھرانہیں اچھی طرح خشک کریں۔
تیل سے مالش
انگلیوں پر تل کا تیل لگائیں تاکہ خون کا بہاؤ بہتر ہو اور جلد نم رہے۔
غذائی تبدیلیاں
اپنی خوراک میں میگنیشیم اور زنک سے بھرپور چیزیں شامل کریں، جیسے کدو کے بیج، کاجو اور بادام۔ یہ جسم کا درجہ حرارت برقرار رکھنے اور رگوں کو مضبوط بنانے میں مددگار ہیں۔
ورزش شامل کریں
باقاعدہ ورزش یا ہلکی جسمانی سرگرمی جیسے واک یا یوگا خون کی روانی بہتر کرتی ہے اورخارش اور سوجن کے امکانات کم کرتی ہے۔
یہ معلومات عام رہنمائی کے لیے ہیں اور اسے کسی بھی صورت میں پروفیشنل میڈیکل مشورے کا متبادل نہ سمجھیں۔ کسی بھی صحت کے مسئلے یا بیماری کے بارے میں ہمیشہ اپنے ڈاکٹر یا ماہر صحت سے مشورہ کریں۔