لگ بھگ ہر ایک ہی اپنے دانتوں پر برش کرتا ہے اور خلال بھی کرتا ہے، تاہم اگر آپ چند منٹ کے لیے اپنی زبان پر برش نہیں کرتے تو بہت بڑی غلطی کرتے ہیں۔
طبی ماہرین کے مطابق منہ میں 700 سے زائد مختلف اقسام کی بیکٹیریا ہوتے ہیں۔
ان میں سے بیشتر نقصان دہ نہیں ہوتے، مگر جو صحت کو نقصان پہنچاتے ہیں، اگر وہ زبان پر رہتے ہیں تو ان کی تعداد میں تیزی سے اضافہ ہوتا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ زبان کی صفائی کرنا بہت ضروری ہوتا ہے۔
زبان بولنے کے ساتھ ساتھ نظام ہاضمہ کو بہتر بنانے میں مدد فراہم کرتی ہے کیونکہ ہاضمے کا عمل زبان سے ہی شروع ہوتا ہے.
اسی طرح ذائقے کی حس کے لیے بھی زبان کا کردار بہت اہم ہوتا ہے۔
تو اس کی صفائی کے چند فوائد جان لیں۔
سانس کی بو سے بچنا ممکن
جب آپ زبان صاف نہیں کرتے تو کھانے کے ذرات، مردہ خلیات اور بیکٹیریا وقت کے ساتھ وہاں جمع ہونے لگتے ہیں۔
اس کے نتیجے میں سانس کی بو کا سامنا ہوتا ہے۔
زبان کی صفائی کو معمول بنانے سے سانس کی بو جیسے مسئلے کو خود سے دور رکھنا بہت آسان ہو جاتا ہے۔
البتہ زبان کی صفائی کے باوجود یہ مسئلہ برقرار رہتا ہے تو ڈاکٹر سے رجوع کریں کیونکہ یہ کسی اور مرض کی نشانی بھی ہوسکتی ہے۔
زبان صاف نظر آتی ہے
جب زبان میں ذرات جمع ہو جاتے ہیں تو وہ سفید رنگ کی نظر آنے لگتی ہے اور بدنما نظر آتی ہے۔
زبان کی روزانہ صفائی سے اس بدنما کوٹنگ کو ہٹانے میں مدد ملتی ہے اور دوبارہ اس مسئلے کا سامنا بھی نہیں ہوتا۔
بیکٹیریا کا خاتمہ
ایک تحقیق میں دریافت کیا گیا کہ روزانہ زبان کی صفائی سے منہ میں خطرناک بیکٹیریا کو ختم کرنے میں مدد ملتی ہے۔
یہ بیکٹیریا سانس کی بو اور دانتوں کی فرسودگی کا خطرہ بڑھاتے ہیں۔
ذائقے کی حس بہتر ہوتی ہے
تحقیقی رپورٹس کے مطابق روزانہ زبان کی صفائی کرنے سے ذائقے کی حس بہتر ہوتی ہے۔
اگر زبان صاف نہ ہو تو اس کے لیے مختلف ذائقوں کے درمیان فرق کرنا مشکل ہو جاتا ہے۔
مجموعی صحت بہتر ہوتی ہے
زبان سے بیکٹیریا کا خاتمہ کیویٹیز، مسوڑوں کے امراض اور منہ کو متاثر کرنے والے دیگر امراض کی روک تھام میں مدد فراہم کرتا ہے۔
مسوڑوں کے امراض سے دل کی صحت پر بھی منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں۔