ماہرین کے مطابق روزانہ پینے کے لیے کون سی چائے زیادہ صحت بخش ہے؟

چائے کونسی مفید فائل فوٹو چائے کونسی مفید

چائے پاکستان میں روزمرہ زندگی کا اہم حصہ سمجھی جاتی ہے، دن کی شروعات اکثر دودھ والی چائے سے ہوتی ہے، جبکہ کام کے بعد بہت سے لوگ سبز چائے پینا پسند کرتے ہیں۔ ایسے میں یہ سوال اکثر سامنے آتا ہے کہ روزانہ پینے کے لیے کون سی چائے زیادہ صحت بخش ہے؟

دودھ والی چائے
دودھ والی چائے گھروں میں سب سے زیادہ پی جاتی ہے، جو عام طور پر کالی چائے، دودھ اور چینی سے تیار کی جاتی ہے۔ یہ چائے تسکین بخش ہوتی ہے، تاہم ماہرین کے مطابق دودھ ملانے سے چائے کے کچھ قدرتی فوائد کم ہو سکتے ہیں۔

تحقیق کے مطابق دودھ چائے میں موجود بعض مفید اجزا کے اثر کو کم کر دیتا ہے۔ تاہم ماہرِ غذائیت کا کہنا ہے کہ اگر کسی کو دودھ سے الرجی نہ ہو تو دودھ والی چائے نقصان دہ نہیں، کیونکہ دودھ میں کیلشیم اور وٹامن ڈی جیسے فائدہ مند اجزا موجود ہوتے ہیں۔ ماہرین یہ بھی مشورہ دیتے ہیں کہ دودھ والی چائے کھانے کے ساتھ نہیں بلکہ کھانوں کے درمیان پینی چاہیے۔

کالی چائے
کالی چائے عام طور پر بغیر دودھ یا بہت کم دودھ کے ساتھ پی جاتی ہے، اس کا ذائقہ قدرے تیز ہوتا ہے اور یہ دودھ والی چائے اور سبز چائے کے درمیان غذائی اعتبار سے متوازن سمجھی جاتی ہے۔

ماہرین کے مطابق کالی چائے میں ایسے اجزا پائے جاتے ہیں جو خون کی روانی بہتر بنانے اور دل کی صحت کے لیے مفید ہو سکتے ہیں۔ تاہم کالی چائے بھی کھانے کے ساتھ پینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے کیونکہ یہ غذا کے اجزا کے جذب ہونے میں رکاوٹ بن سکتی ہے۔

صحت مند ناشتہ نہ کرنے سے وزن پر کیا فرق پڑتا ہے؟

سبز چائے (گرین ٹی)
سبز چائے کم عمل سے گزرتی ہے اور عموماً بغیر دودھ اور چینی کے پی جاتی ہے، جس سے اس کے قدرتی فوائد برقرار رہتے ہیں۔

ماہرین کے مطابق سبز چائے مفید اجزا سے بھرپور ہوتی ہے اور اس میں کیفین بھی نسبتاً کم ہوتی ہے، یہی وجہ ہے کہ اسے کھانے کے ساتھ بھی پیا جا سکتا ہے، تاہم دن میں دو سے تین کپ سے زیادہ پینے سے گریز کرنے کا مشورہ دیا جاتا ہے۔

حتمی رائے
ماہرین کے مطابق کوئی ایک چائے سب کے لیے سب سے زیادہ صحت بخش نہیں، یہ اس بات پر منحصر ہے کہ چائے کب اور کس مقصد کے لیے پی جا رہی ہے، دودھ والی چائے کھانوں کے درمیان، کالی چائے احتیاط کے ساتھ اور سبز چائے اعتدال میں روزمرہ استعمال کے لیے بہتر انتخاب ہو سکتی ہے۔ اصل اہمیت توازن اور اعتدال کی ہے۔

 

install suchtv android app on google app store